سیف علی خان کو گاڑی غلط جگہ کھڑی کرنا مہنگا پڑگیا

ممبئی کے بلدیاتی ادارے نے بغیر اجازت گاڑی کھڑی کرنے پر سیف علی خان کے خلاف تھانے میں شکایت درج کرادی


ویب ڈیسک June 13, 2017
سیف علی خان بہت کم تنازعات کا شکار ہوتے ہیں؛فائل فوٹو

بالی ووڈ کے نواب سیف علی خان غلط پارکنگ کے باعث مشکل میں پڑگئے ہیں اور اب ان کے خلاف مقامی انتطامیہ نے پولیس میں درخواست دے دی ہے۔

بھارتی میڈیا کے مطابق سیف علی خان ممبئی کے علاقے پاریل میں اپنی نئی فلم ''شیف'' کی شوٹنگ کررہے تھے جب کہ ان سمیت شوٹنگ کے عملے نے اپنی گاڑیاں مقامی سرکاری کالج کے میدان میں کھڑی کر رکھی تھیں۔ گاڑیوں کی کالج کیمپس میں موجودگی کی اطلاع پر ممبئی کے بلدیاتی امور کے نگراں ادارے برہان ممبئی میونسپل کارپوریشن کے ارکان وہاں پہنچ گئے۔ انہوں نے گاڑیوں کو وہاں سے ہٹانے کا حکم دیا۔

اس خبرکوبھی پڑھیں: سیف علی خان بھی پاکستانی فنکاروں کی حمایت میں بول پڑے

سیف علی خان نے گاڑی ہٹانے سے صاف انکار کردیا اور کہا کہ انہوں نے یہاں شوٹنگ اور گاڑیاں کھڑی کرنے کی پولیس سے باقاعدہ اجازت لی ہے، اس لیے اب وہ انہیں کسی صورت نہیں ہٹائیں گے، معاملے نے طول پکڑا تو بی ایم سی کے اعلیٰ حکام وہاں پہنچ گئے، انہوں نے شوٹنگ کے عملے کو وارننگ دی کہ انہوں نے گاڑیاں سرکاری جگہ پر پارک کی ہیں، قانونی طور پر انہیں پولیس کے بجائے بی ایم سی سے اجازت لینی چاہیے تھی۔ اگر گاڑیوں کو نہ ہٹایا گیا تو ان کے خلاف قانونی کارروائی کی جائے گی۔ بات سمجھ میں آنے پر شوٹنگ انتظامیہ نے گاڑیاں وہاں سے ہٹالیں اور کہا کہ وہ آئندہ مناسب طریقے سے اجازت لے کر گاڑیاں کھڑی کریں گے۔
اس خبرکوبھی پڑھیں: سیف علی خان نے کھانا پکانے کی تربیت لینا شروع کردی

دوسری جانب بی ایم سی کے اسسٹنٹ کمشنر وشواس موٹے کا کہنا ہے کہ فلم بنانے والی ٹیم نے اپنی غلطی مان لی ہے لیکن ہم نے سیف علی خان کے خلاف بھوئی واڑا پولیس اسٹیشن میں تحریری شکایت درج کرادی ہے۔ اب انہوں نے اگر اس سلسلے میں تحریری اجازت مانگی تو پہلے ہم ان سے قانون کے مطابق جرمانہ وصول کریں گے اور پھر اجازت دیں گے۔

واضح رہے کہ سیف علی خان ان دنوں فلم ''شیف'' میں کام کررہے ہیں، فلم میں ان کے ساتھ ساؤتھ انڈین اداکارہ پدما پریا مرکزی کردار میں نظر آئیں گی، فلم 6 اکتوبر 2017 کو ریلیز کی جائے گی۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں