سربراہ پاک بحریہ کی سری لنکا کی اعلیٰ عسکری قیادت سے ملاقات

سری لنکا کے نیول چیف نے ملک میں سیلاب کی حالیہ تباہ کاریوں کے دوران بروقت امداد پر سربراہ پاک بحریہ کا شکریہ ادا کیا


ویب ڈیسک June 13, 2017
کمانڈرسری لنکن نیوی نے دونوں ممالک کی بحری افواج کے مابین مختلف شعبوں میں قریبی دوطرفہ تعلقات کی اہمیت پر زوردیا: فوٹو: پاک بحریہ

ترجمان پاک بحریہ کا کہنا ہے کہ چیف آف نیول اسٹاف ایڈمرل محمد ذکاءاللہ نے سری لنکا میں سرکاری دورے کے دوران اعلی افواج سے ملاقات کی اور دوطرفہ بحری تعاون پر بات چیت کی۔

ترجمان پاک بحریہ کے مطابق چیف آف نیول اسٹاف ایڈمرل محمد ذکاءاللہ ان دنوں سری لنکا کے سرکاری دورہ پرہیں۔ دورے کے دوران نیول چیف نے سری لنکن مسلح افواج کے چیف آف ڈیفنس اسٹاف ائیرچیف مارشل کولیتھا گناتھیلا کے سمیت سری لنکا کی بری، بحری اورفضائی افواج کے سربراہان سے بھی ملاقات کی جب کہ سری لنکا کی بحری افواج کے سربراہ سے ملاقات کے دوران ایڈمرل محمد ذکاءاللہ نے باہمی دلچسپی اوردوطرفہ بحری تعاون پربات چیت کی۔



ترجمان پاک بحریہ کے مطابق چیف آف نیول اسٹاف کی سری لنکن نیول ہیڈ کوارٹرز آمد پرسری لنکا کی بحری افواج کے سربراہ وائس ایڈمرل رویندرا وجے گونا رتنے نے ان کا خیر مقدم کیا۔

دوسری جانب کمانڈرسری لنکن نیوی نے دونوں ممالک کی بحری افواج کے مابین مختلف شعبوں میں قریبی اور گہرے دوطرفہ تعلقات کی اہمیت پر زور دیا جب کہ وائس ایڈمرل وجے گونا رتنے نے سری لنکا میں سیلاب کی حالیہ تباہ کاریوں کے دوران فوری اور بروقت امداد پر نیول چیف کا شکریہ ادا کیا۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں