باکسرعامرخان نے اہل خانہ سے اختلافات ختم کردیئے

زندگی بہت چھوٹی ہے اسے جھگڑوں میں ضائع نہیں کرنا چاہئے،عامر خان

میں نے اور فریال نے سب کچھ پیچھے چھوڑتے ہوئے آگے بڑھنے کا فیصلہ کیا ہے،باکسر عامر خان

FAISALABAD:
عالمی شہرت یافتہ پاکستانی نژاد برطانوی باکسر عامر خان نے والد شاہ خان کے ساتھ اختلافات ختم کردئیے۔

عالمی چیمپئن عامر خان کی گھریلو زندگی گزشتہ کافی عرصے سے تنازعات میں گھری ہوئی ہے، پہلے ان کی اہلیہ فریال مخدوم نے اپنے سسرالیوں کے ظلم کی داستان سوشل میڈیا پر شیئر کرکے طوفان کھڑا کردیا بعد ازاں عامر خان اور ان کے والد کے درمیان جھگڑے نے میڈیا میں جگہ بنائی۔

تاہم اب عامر خان نے اپنے اہل خانہ کے ساتھ جھگڑے کو ختم کرنے کا فیصلہ کیا ہے اوراس کے لئےعامر نے گزشتہ ہفتے والد کے ساتھ پاک بھارت میچ دیکھ کر 6 ماہ پرانے اختلافات کو ختم کرتے ہوئے فیس بک پر پیغام جاری کیا کہ ''ہم نے نہ صرف ایک ساتھ میچ دیکھا بلکہ بہت زیادہ انجوائے بھی کیا، ہم دونوں کا ایک ساتھ گزارا گیا یہ وقت بہت شاندار تھا لہٰذا میں نے اور فریال نے سب کچھ پیچھے چھوڑتے ہوئے آگے بڑھنے کا فیصلہ کیا ہے''۔

اس خبرکوبھی پڑھیں: سوچاتھا شادی کے بعد ''پریوں'' جیسی زندگی ہوگی لیکن ایسا کچھ نہیں ہوا،اہلیہ عامرخان


عامر خان نے اپنی بیوی کی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ سب کچھ بھلانے میں فریال نے میری بہت مدد کی اگر وہ نہ ہوتی تو میں کبھی یہ جھگڑا ختم نہ کرپاتا اس نے مجھے سمجھایا کہ زندگی بہت چھوٹی ہے اسے جھگڑوں میں ضائع نہیں کرنا چاہئے۔ انہوں نے مزید کہا کہ یہ رمضان کا مقدس مہینہ ہے اس ماہ میں خدا اپنے بندوں سے چاہتا ہے کہ ہم سب کچھ بھلا کر اپنے دل کو صاف کریں اور ایک دوسرے سے محبت کریں، لہٰذا اہلیہ نے بھی میرے گھر والوں کی طرف سے اپنا دل صاف کرلیا ہے اور امید کرتا ہوں کہ وہ بھی ایسا ہی کریں گے،آمین۔

اس خبرکوبھی پڑھیں: باکسرعامرخان کی اہلیہ فریال کو برطانوی رئیلٹی شو میں شرکت کی پیش کش

عامر نے ٹویٹر پر ایک تصویر شیئر کی جس میں وہ اپنے والد کے ساتھ خوشگوار موڈ میں نظر آرہے ہیں، تصویر کے ساتھ انہوں نے پیغام لکھا ''ماضی ماضی ہوتا ہے لہٰذا اسے بھلاکر ایک روشن مستقبل کی طرف قدم بڑھانے چاہیئں''۔



واضح رہے کہ 6 ماہ قبل فریال مخدوم نے اپنے سسرالیوں پر شوہر کی غیر موجودگی میں تشدد کرنے کا الزام لگایا تھا۔
Load Next Story