چینی جوڑے کا قتل قاتل پکڑے جائیں

یہ چین کا بڑا پن اور سچی دوستی کی مثال ہے جو اس نے کڑے وقت میں پاکستان کا ساتھ دیا


Editorial June 15, 2017
یہ چین کا بڑا پن اور سچی دوستی کی مثال ہے جو اس نے کڑے وقت میں پاکستان کا ساتھ دیا ۔ فوٹو:فائل

دو چینی باشندوں کے کوئٹہ میں اغوا، عدم بازیابی، پھر قتل اور تاحال ان کی لاشوں کی عدم برآمدگی ایک انتہائی افسوسناک صورتحال ہے۔ چین اور پاکستان کی دوستی ضرب المثل کی طرح ہے، چین نے ہر مشکل گھڑی میں ہمارا ساتھ دیا ہے اور اس وقت بھی ہمیں چین اپنے پاؤں پرکھڑا کرنے اور ترقی یافتہ قوموں کی صف میں مقام دلوانے کے لیے سی پیک کے ذریعے ہماری مکمل مالی، اقتصادی اور معاشی مدد کررہا ہے، جو بالخصوص ایک پڑوسی ملک کو حسد اور رقابت کی آگ میں جلا رہے ہیں ۔ بہترین دوست ملک چین کے باشندوں کے جان ومال کا تحفظ پاکستان کی اولین ذمے داری ہے۔وزارت داخلہ کے مطابق دو اغوا ہونے والے چینی باشندوں سمیت چینی شہریوں کے ایک گروپ کو ویزے جاری کیے گئے، تاہم کسی قسم کی بزنس سرگرمیوں میں مصروف ہونے کے بجائے یہ کوئٹہ چلے گئے اور ایک کورین شہری یو آن وون سیو سے اردو زبان سیکھنے کی آڑ میں درحقیقت تبلیغ میں مصروف تھے۔ یہ ایک رخ سامنے آیا وزیرداخلہ چوہدری نثارکی زیرصدارت ہونے والے اجلاس میں۔ اس سے پہلے بھی متعدد واقعات میں چینی انجینئرز کو اغوا یا قتل کیا گیا۔

جس کے باعث متعدد خدشات نے سراٹھایا کہ کہیں چین اپنے باشندوں کے قتل پر ناراض ہوکر قطع تعلق نہ کرلے، جوکہ یقیناً دشمن ملک کی ایک سازش ہوسکتی ہے، سی پیک کو سبوتاژکرنے کی۔چین کی وزارت خارجہ کی ترجمان ہواچن ینگ نے گزشتہ روز ایک بریفنگ میں کہا کہ دو چینیوں کے اغوا اور قتل کا نہ تو چین پاکستان اقتصادی راہداری (سی پیک) سے کوئی تعلق ہے اورنہ ہی اس قتل کے اثرات اس اہم منصوبے پر پڑیں گے، چین اور پاکستان مل کر لاپتہ جوڑے کے معاملات کی تحقیقات کریں گے۔

یہ چین کا بڑا پن اور سچی دوستی کی مثال ہے جو اس نے کڑے وقت میں پاکستان کا ساتھ دیا ۔اب پاکستانی حکام کو چاہیے کہ وہ پہلے تو ویزا دینے کے عمل میں کڑی جانچ پڑتال کریں اور ویزوں میں توسیع دینے کے عمل کو ریگولیٹ کرنے کی بھی ضرورت ہے۔ نئے سرے سے مختلف ویزا کیٹگریز کے تحت غیر ملکیوں کو ویزوں کے اجرا کے لیے نئی ویزا پالیسی گائیڈ لائنز کی تشکیل کا عمل جلد ازجلد مکمل کیا جائے ۔ جب کہ ملک بھر میں موجود چینی باشندوں کی سیکیورٹی کے حوالے سے ایک مربوط اور منظم نظام بنانے کی اشد ضرورت ہے تاکہ چینی مہمانوں کی جان ومال کا تحفظ کیا جائے وہ آزادانہ طور پر پاکستان میں گھوم پھرسکیں اور اپنے فرائض بھی سرانجام دے سکیں۔بلاشبہ فی الفور ایک فول پروف سیکیورٹی پلان تیارکیا جائے گا تاکہ آئندہ ایسے واقعات کا تدارک ہوسکے۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں