ٹیم کی رہائش پاکستان نے معاملہ آئی سی سی کے سامنے اٹھا دیا

ڈیو رچرڈسن نے چیئرمین پی سی بی کو مسئلہ حل کرنے کی یقین دہانی کرادی۔

بھارت میں صرف پاکستانی ٹیم ہی نہیں امپائر احسن بھی صرف کٹک تک ہی محدود۔ فوٹو: فائل

پاکستان نے بھارت میں ویمن کرکٹرزکے رہائشی تنازع کو آئی سی سی کے سامنے اٹھا دیا، چیف ایگزیکٹیو ڈیو رچرڈسن نے معاملے کو حل کرنے کا یقین دلایا ہے۔

دوسری جانب بھارت میں صرف پاکستانی ویمنز کرکٹ ٹیم ہی نہیں امپائر احسن رضاکو بھی سیکیورٹی خدشات لاحق ہیں، اسی وجہ سے انھیں بھی صرف کٹک تک محدود رکھا گیا۔ تفصیلات کے مطابق انٹرنیشنل کرکٹ کونسل نے اپنے قوانین کو خود ہی نظرانداز کرتے ہوئے ویمنز ورلڈکپ میں شریک پاکستانی ٹیم کو فائیو اسٹار ہوٹل کے بجائے اسٹیڈیم میں ہی ٹھہرا دیا،اس کی وجہ آمدورفت کے وقت سیکیورٹی مسائل سے بچنا قرار دی جا رہی ہے، سابق کرکٹرز نے بھی اس پر شدید تنقید کی، بھارتی بورڈ کیساتھ تعلقات خراب ہونے سے بچانے کیلیے پاکستان اس معاملے پر کھل کر اظہار رائے نہیں کر رہا۔

ٹیم کو بھی ڈپلومیٹک انداز میں بارابتی اسٹیڈیم کے کلب ہائوس کی تعریف کرنے کی ہدایت دی گئی ہے، البتہ ذرائع کے مطابق پی سی بی کے سربراہ ذکا اشرف نے بدھ کو دبئی میں آئی سی سی چیف ڈیو رچرڈسن سے ملاقات کرکے یہ معاملہ اٹھایا،انھوں نے یقین دلایا کہ وہ آئندہ ایک،دو روز میں بھارت جا رہے ہیں جہاں مسئلے کو حل کرنے کی کوشش کریں گے۔ دریں اثنا ایونٹ کے امپائرز پینل میں پاکستان کے احسن رضا بھی شامل ہیں، انھیں بھی سیکیورٹی خدشات کے سبب کٹک تک ہی محدود رکھا گیا۔




2009 میں لاہور میں دہشت گردوں کے سری لنکن ٹیم پر حملے میں وہ شدید زخمی ہوئے تھے اور کافی عرصے اسپتال میں رہنے کے بعد صحتیاب ہوئے، ممبئی میں بھارتی انتہا پسند تنظمیوں کے دہشت گردوں سے بچانے کیلیے احسن کو بھی صرف کٹک کے میچز میں ذمہ داری سونپی گئی، اس بات کا امکان بیحد کم ہے کہ انھیں اگلے رائونڈ کا کوئی میچ سپروائز کرنے کیلیے ممبئی بھیجا جائے، احسن رضا نے منگل اور بدھ کو بارابتی اسٹیڈیم میں پاکستان کے دونوں وارم اپ میچز سپروائز کیے، ورلڈکپ میں وہ جنوبی افریقہ کے نیوزی لینڈ اور آسٹریلیا کے ساتھ مقابلوں میں ذمہ داری انجام دینگے۔

انھیں کینگروز اور کیویز کے میچ میں تھرڈ امپائر بھی مقرر کیا گیا ہے، یہ تمام میچز کٹک میں ہی ہونے ہیں۔ ذرائع نے بتایا کہ احسن کا قیام بارابتی اسٹیڈیم میں نہیں بلکہ وہ دیگر امپائرز کے ساتھ ہوٹل میں ہی مقیم ہیں ، وہاں بھی ان کی سیکیورٹی کیلیے غیرمعمولی انتظامات کیے گئے ہیں۔
Load Next Story