صدروزیراعظم اورآرمی چیف کی قومی ٹیم کوشاندارکامیابی پرمبارکباد

سرفراز احمد کی قیادت میں تمام کھلاڑیوں کی کارکردگی قابل تحسین ہے، وزیراعظم نوازشریف


ویب ڈیسک June 14, 2017
امید ہے فائنل میں بھی ٹیم شاندار کارکردگی کا تسلسل برقرار رکھے گی۔ عمران خان ۔ فوٹو : فائل

صدرمملکت ممنون حسین، وزیراعظم نواز شریف اورآرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے آئی سی سی چیمپئنز ٹرافی کے فائنل میں پہنچنے پر قومی کرکٹ ٹیم کو مبارکباد دی۔

پاکستان نے آئی سی سی چیمپئنز ٹرافی کے سیمی فائنل میں شاندار کارکردگی دکھاتے ہوئے انگلینڈ کو شکست سے دوچار کیا اور تاریخ میں پہلی بار فائنل میں رسائی حاصل کی جب کہ پاکستان کی جیت پر جہاں پوری قوم خوشی سے سرشار ہے وہیں صدرمملکت ممنوں حسین، وزیراعظم نواز شریف اور آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ سمیت دیگر سیاسی رہنماؤں اور وفاقی وزرا نے قومی ٹیم کو مبارکباد دی۔

وزیر اعظم نے چیمپینز ٹرافی کے فائنل میں رسائی پر قوم کو مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ سرفراز احمد کی قیادت میں تمام کھلاڑیوں کی کارکردگی قابل تحسین ہے، کرکٹ ٹیم نے انگلینڈ کے خلاف شاندار کامیابی حاصل کی جب کہ پوری ٹیم نے غیر معمولی عزم اور جذبے کا مظاہرہ کیا۔

دوسری جانب پی ٹی آئی چیرمین عمران خان نے پاکستانی ٹیم کو چیمپئنز ٹرافی کے فائنل تک کامیاب رسائی پر مبارکبا دیتے ہوئے کہا کہ ٹیم کو پراعتماد انداز میں میدان میں کھیلتا دیکھ کر خوشی ہوئی جب کہ محنت اور پیشہ وارانہ مہارت بروئے کار لاکر جیت کا تسلسل قائم رکھا جاسکتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ میری تمام دعائیں اور نیک تمنائیں پاکستان کے ساتھ ہیں، امید ہے فائنل میں بھی ٹیم شاندار کارکردگی کا تسلسل برقرار رکھے گی۔

وزیراعلیٰ پنجاب شہباز شریف نے قومی کرکٹ ٹیم کوشاندار کامیابی پر مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ پاکستانی کھلاڑیوں نے شاندارکھیل کامظاہرہ کرکے قوم کے دل جیت لئے ہیں۔

ڈی جی آئی ایس پی آر میجر جنرل آصف غفور نے بھی سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹویٹر پر پاکستان کی جیت پر ٹیم کو مبارکباد دیتے ہوئے فائنل کیلیے نیک خواہشات کا اظہار کیا۔



واضح رہے پاکستان نے انگلینڈ کو شکست دے کر پہلی بار آئی سی سی چیمپئنز ٹرافی کے فائنل میں رسائی حاصل کی ہے۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں