افریقہ کپ ابتدائی راؤنڈ میں ہی دفاعی چیمپئن زیمبیا کی چھٹی

نائیجیریا کے ساتھ بطور گروپ لیڈر برکینا فاسو نے کوارٹر فائنلز میں جگہ پکی کرلی۔


AFP January 31, 2013
نائیجیریا کے ساتھ بطور گروپ لیڈر برکینا فاسو نے کوارٹر فائنلز میں جگہ پکی کرلی۔ فوٹو : اے ایف پی

KARACHI: افریقہ کپ آف نیشن فٹبال ٹورنامنٹ کے ابتدائی رائونڈ میں ہی دفاعی چیمپئن زیمبیا کی چھٹی ہوگئی۔

نائیجیریا کے ساتھ حیران کن طور پر گروپ لیڈر کے طور پر برکینا فاسو نے بھی کوارٹر فائنلز میں جگہ پکی کرلی۔ زیمبیا کو ایونٹ سے باہر کا راستہ دکھانے میں چیلسی کے اسٹار فٹبالر وکٹر موسس نے اہم کردار ادا کیا، جنھوں نے میچ کے آخری حصے میں دو پنالٹیز پر گول داغ کر نائیجیریا کوایتھوپیا پر 2-0 سے برتری دلادی، برکینا فاسو اور زیمبیا کا میچ ایک ایک گول سے برابر رہا۔ دفاعی چیمپئن نے اس سے قبل بھی گروپ سی میں اپنے دونوں ہی مقابلے بغیر کسی گول کے برابر کیے تھے۔



جس کی وجہ اس مقابلے میں ہر صورت فتح درکار تھی، مگر بیلجیئم کے پال پٹ کی کوچنگ میں مسلسل عمدہ پرفارم کرنے والے برکینا فاسو کی ٹیم کا دفاع انتہائی مضبوط ثابت ہوا جس نے کئی بار زیمبیا کے اپنے گول پوسٹ پر حملوں کو ناکام بنایا۔ زیمبیا کی کوارٹر فائنل میں پہنچنے کی امیدیں اس صورت میں برقرار تھیں،اگر نائیجیریا اور ایتھوپیا کا مقابلہ ڈرا ہوجاتا یا پھر نائیجیریا کو شکست ہوجاتی تو گروپ سی میں رنر اپ بن کر زیمبیا ناک آئوٹ رائونڈ میں پہنچ جاتا، اس کی یہ امید میچ کے آخر تک برقرار رہیں مگر پھر اچانک وکٹر موسس نے دو گول کرکے اپنی ٹیم کو فتح دلا دی۔

برکینا فاسو نے گروپ سی میں اپنے پہلے میچ میں ایتھوپیا کو 4-0 سے شکست دی تھی، یہ اس کی افریقہ کپ میں مسلسل 18 ناکامیوں کے بعد پہلی فتح تھی، اس ایونٹ میں ٹیم کا کارکردگی بہترین رہی جس کی وجہ سے حیران کن طور پر گروپ سی کے لیڈر کے طور پر کوارٹر فائنل میں جگہ بنائی۔ جہاں ایک طرف نائیجیریا اور برکینا فاسو ناک آئوٹ رائونڈ میں پہنچنے کی خوشیاں منارہے ہیں وہیں پر زیمبیا کے فٹبالرز کو اپنا سامان پیک کرنا پڑا، اس ایونٹ میں 21 برس بعد کسی دفاعی چیمپئن کی پہلے رائونڈ سے چھٹی ہوئی، اس سے قبل 1992 میں الجیریا کو یہ دن دیکھنا پڑا تھا۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں