مین آف دی میچ کو گائے اور باقی کھلاڑیوں کو بچھڑے

بھارت میں منعقدہ کرکٹ ٹورنامنٹمیں گؤماتا انعامی ٹرافی کے طور پر دی گئی


غ۔ع June 15, 2017
بھارت میں منعقدہ کرکٹ ٹورنامنٹمیں گؤماتا انعامی ٹرافی کے طور پر دی گئی۔ فوٹو : فائل

گائے کو ہندومت میں انتہائی مقدس مقام حاصل ہے۔ ہندو اسے دیوی کا درجہ دیتے اور اس کی پوجا کرتے ہیں۔ اسی لیے اسے گؤماتا کہا جاتا ہے۔ ہندومت میں حاصل اسی تقدس کو بنیاد بنا کر انتہا پسند ہندوؤں نے ہندوستان کے کئی علاقوں میں مسلمانوں پر عرصۂ حیات تنگ کردیا ہے۔ گائے کی حفاظت کے نام پر اب تک متعدد مسلمان جنونی ہندوؤں کے ہاتھوں شہید ہوچکے ہیں۔ نریندر مودی کی انتہا پسند حکومت ہندو جنونیوں کو شہ دے رہی ہے۔ ایک طرف تو ہندوجنونی گؤماتا کا اپمان کرنے کے شبہے میں مسلمانوں کی جانیں لینے پر تُلے ہوئے ہیں تو دوسری جانب یہی گؤ ماتا فاتحین کو بہ طور انعام بھی دی جارہی ہے! جی ہاں، گذشتہ دنوں ریاست گجرات کے شہروڈودرا میں کرکٹ ٹورنامنٹ کی فاتح ٹیم کو ٹرافی کے بجائے گائے انعام میں دی گئی۔

موجودہ بھارتی وزیراعظم نریندرمودی کا تعلق بھی گجرات سے ہے۔2002 ء میں وہ گجرات کے وزیراعلیٰ تھے جب یہاں پھوٹ پڑنے والے فسادات میں ہندو جنونیوں نے مسلمانوں کا قتل عام کیا تھا۔ مودی کی وزارت عظمیٰ کے دوران انتہا پسندی گجرات کی حدود سے نکل کر ملک بھر میں پھیل گئی ہے۔ گذشتہ ماہ کے اواخر میں مودی حکومت نے ملک بھر میں گائے ، بیلوں اور بچھڑوں کے ذبیحے پر پابندی عائد کردی ہے۔

گجرات کے انتہا پسند ہندو ایک طرف تو گؤماتا کے تحفظ کے نام پر ایک مسلمان کو مارنے میں دیر نہیں لگاتے تو دوسری طرف یہی گؤماتا کرکٹ ٹورنامنٹ میں بہ طور ٹرافی دی جارہی ہے !

کرکٹ ٹورنامٹ کا انعقاد وڈودرا میں بسنے والی رابڑی برادری کی جانب سے کیا گیا تھا۔ اس برادری کا پیشہ گلہ بانی ہے اور شہر میں اس کی اکثریت ہے۔ ٹورنامنٹ کے منتظم پرکاش رابڑی نے مقامی ذرائع ابلاغ سے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ گائے کو انعامی ٹرافی کے طور پر دینے کا مقصد اس کے تحفظ کی ضرورت کو اُجاگر کرنا اور یہ پیغام دینا ہے کہ گائے ہمارے معاشرے کا سب سے اہم حصہ ہے۔ گلہ بان ہونے کی حیثیت سے رابڑی برادری نے ہمیشہ گؤ ماتا کی رکھشا کی ہے اور کرتی رہی گی۔ پرکاش نے حکومت سے گائے کو قومی جانور کا درجہ دینے کا بھی مطالبہ کیا۔

کرکٹ ٹورنامٹ جیتنے والی ٹیم کے علاوہ مین آف دی میچ کو بھی گائے انعام میں دی گئی جب کہ ٹیم کے باقی کھلاڑیوں کو ایک ایک بچھڑا انعام میں ملا۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں

رائے

شیطان کے ایجنٹ

Nov 24, 2024 01:21 AM |

انسانی چہرہ

Nov 24, 2024 01:12 AM |