پاناما جے آئی ٹی پر تنقید مریم نواز کے خلاف توہین عدالت کی درخواست دائر

مریم نواز، نہال ہاشمی، آصف کرمانی، طلال چوہدری اوردانیال عزیزکے خلاف توہین عدالت کی کارروائی کی جائے، درخواست میں موقف

درخواست میں وفاقی وزارتِ اطلاعات اور پیمرا کو بھی فریق بنایا گیا ہے فوٹو: فائل

پاناما پیپر کی تحقیقات کرنے والے جے آئی ٹی سے متعلق بیان بازی پر سندھ ہائی کورٹ میں وزیر اعظم نواز شریف کی صاحبزادی سمیت حکومتی ارکان کے خلاف توہین عدالت کی درخواست دائر کی گئی ہے۔


ایکسپریس نیوزکے مطابق سندھ ہائی کورٹ میں سہیل بیگ نوری نامی شہری کی جانب سے دائردرخواست میں مسلم لیگ (ن) کے رہنماؤں کے علاوہ وفاقی وزارتِ اطلاعات اورپیمرا کو بھی فریق بنایا گیا ہے۔ درخواست میں موقف اختیار کیا گیا ہے کہ مریم نواز، نہال ہاشمی، آصف کرمانی ، طلال چوہدری اور دانیال عزیز کی جانب سے مسلسل جے آئی ٹی کو ہراساں کیا جارہا ہے، جس سے حساس نوعیت کی تحقیقات کرنے والی جے آئی ٹی کے خلاف بیان بازی سے تفتیش متاثر ہوسکتی ہے۔

درخواست گزارنے عدالت عالیہ سے استدعا کی ہے کہ پاناما جے آئی ٹی کوسپریم کورٹ نے تشکیل دیا ہے، اس لیے فریقین کوجے آئی ٹی کے خلاف بیان بازی سے روکا جائے اورمریم نواز، نہال ہاشمی ، آصف کرمانی، طلال چوہدری اوردانیال عزیز کے خلاف توہینِ عدالت کی کارروائی کی جائے۔
Load Next Story