صومالیہ میں ہوٹل اور پیزا سینٹر پر خودکش حملے و فائرنگ 19 افراد ہلاک

کار بم حملے کے بعد فوجی وردیوں میں ملبوس جنگجوؤں نے ریسٹورینٹ میں متعدد افراد کو یرغمال بنایا

کار بم حملے کے بعد امدادی کارکن زخمیوں اور لاشوں کو اسپتال منتقل کررہے ہیں۔ فوٹو: اے ایف پی

صومالیہ میں ہوٹل اور پیزا ریسٹورینٹ پر خودکش حملے اور فائرنگ کے نتیجے میں 19 افراد ہلاک اور 27 زخمی ہوگئے۔

غیر ملکی خبر ایجنسی کے مطابق صومالیہ کے دارالحکومت موغادیشو میں ایک خود کش حملہ آور نے مشہور ہوٹل کے باہر بارود سے بھری گاڑی دھماکے سے اڑادی، جس کے بعد فوجی وردیوں میں ملبوس پانچ حملہ آوروں نے اسی علاقے میں پیزا ریسٹورینٹ میں گھس کر 20 افراد کو یرغمال بنالیا۔ سیکیورٹی فورسز اور حملہ آوروں کے درمیان کئی گھنٹوں تک فائرنگ کا تبادلہ جاری رہا، جس میں تمام پانچوں حملہ آور مارے گئے۔

موغادیشو کے ڈپٹی پولیس چیف نے واقعے میں ایک شامی شہری سمیت 19 افراد کے ہلاک جب کہ 27 کے زخمی ہونے کی تصدیق کردی ہے۔ انہوں نے کہا کہ سیکورٹی فورسز نے علاقے کا کنٹرول سنبھال لیا ہے تاہم کار بم حملے میں ہوٹل کی عمارت مکمل طور پر تباہ ہوگئی ہے۔


یہ بھی پڑھیں: صومالیہ میں امریکی فضائی حملے میں 8 عسکریت پسند ہلاک

صومالیہ میں سرگرم القاعدہ سے منسلک تنظیم الشباب نے حملے کی ذمہ داری قبول کرتے ہوئے سرکاری ملازمین اور فوجیوں کو ہلاک کرنے کا دعویٰ کیا ہے۔

واضح رہے کہ دو روز قبل امریکی جنگی طیاروں نے صومالیہ میں الشباب کے ٹھکانے پر میزائل حملہ کیا تھا جس میں 8 عسکریت پسند ہلاک ہوگئے تھے۔
Load Next Story