شاہ رخ جتوئی کی عمرسے متعلق رپورٹ مسترد نیا بورڈ بنانیکا حکم

ایم ایس اورپولیس سرجن کواظہاروجوہ کانوٹس،چالان کیلیے تفتیشی افسرکو 10دن کی مہلت


Staff Reporter January 31, 2013
ایم ایس اورپولیس سرجن کواظہاروجوہ کانوٹس،چالان کیلیے تفتیشی افسرکو 10دن کی مہلت فوٹو: فائل

انسداددہشت گردی کی خصوصی عدالت نے شاہ زیب قتل کیس کے مرکزی ملزم شاہ رخ جتوئی کی عمرکے تعین کے متعلق رپورٹ مسترد کرتے ہوئے شاہ رخ جتوئی کی عمر کے تعین کے لیے ازسرنومیڈیکل بورڈ تشکیل دے کر طبی معائنے کا حکم دیاہے۔

عدالت نے پولیس سرجن ٖڈاکٹر جلیل قادر اور سروسز اسپتال کے میڈیکل سپرنٹنڈنٹ ڈاکٹر توفیق زاہدکو اظہار وجوہ کے نوٹس جاری کردیے ہیں، بدھ کو پولیس سرجن کی جانب سے پیش کردہ رپورٹ میں بتایا گیا کہ شاہ رخ جتوئی کی عمر18سال سے کم ہے، عدالت نے رپورٹ پر عدم اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے ازسر نو معائنے کا حکم دیا ہے، وکیل صفائی نیدعویٰ کیا تھا کہ ملزم شاہ رخ جتوئی نابالغ ہے لہٰذا مقدمہ جووینائیل آرڈیننس کے تحت چلایا جائے۔

سیشن جج غلام مصطفیٰ میمن پر مشتمل انسداددہشت گردی کی خصوصی عدالت نے بدھ کو سماعت کے موقع پرتفتیشی افسرانسپکٹر مبین احمد سے استفسار کیا کہ عدالت نے ملزم کوسروسزاسپتال کے روبرو عمر کے تعین کے لیے پیش کرنے کا حکم دیاتھا مگرملزم کوپولیس سرجن کے حوالے کیوں کیا گیا؟، تفتیشی افسر نے انکشاف کیاکہ عدالتی حکم کے مطابق وہ ملزم کوسروسز اسپتال لے کرگیاتھا مگر اسپتال کے ایم ایس نے ملزم کا طبی معائنہ کرنے سے انکارکردیا اور بتایاکہ عمر کے تعین کے لیے طبی معائنہ پولیس سرجن کرتے ہیں۔

18

عدالت نے سروسزاسپتال کے ایم ایس ڈاکٹر توفیق زاہد اور پولیس سرجن کو 11فروری کے لیے اظہار وجوہ کے نوٹس جاری کرتے ہوئے جواب طلب کرلیا ہے، اظہار وجوہ کے نوٹس میں کہا گیا کہ عدالت نے ملزم شاہ رخ کی اصل عمر کے تعین کے لیے ایم ایس کوبورڈ تشکیل دینے کی ہدایت کی تھی مگرریڈیولوجی کے پروفیسر کے حوالے سے پولیس سرجن رپورٹ جمع کرائی گئی،سروسزاسپتال کے ایم ایس عدالتی احکامات کی خلاف ورزی اورمس کنڈکٹ کے مرتکب ہوئے ہیں جبکہ پولیس سرجن نے عمرکے تعین کا سرٹیفکیٹ جاری کرکے اختیارات سے تجاوز کیا ہے۔

عدالت نے پولیس سرجن کوطبی معائنے کا حکم نہیں دیا تھا، وضاحت کریںکیوں نہ آپ کے خلاف عدالتی حکم کی خلاف ورزی پرکارروائی کی جائے،عدالت نے ایم ایس سروسز اسپتال کو ہدایت کی کہ میڈیکل بورڈ تشکیل دے کر آئندہ سماعت تک شاہ رخ جتوئی کی عمر کے تعین کے حوالے سے رپورٹ پیش کی جائے،اس موقع پر ملزم شاہ رخ جتوئی کو بھی پیش کیاگیا، عدالت نے مقدمے کاچالان جمع کرانے کے لیے تفتیشی افسر کو 10دن کی مہلت دیتے ہوئے سماعت ملتوی کردی، اسپیشل پبلک پراسکیوٹر عبدالمعروف کے ساتھ ساتھ مدعی ڈی ایس پی اورنگزیب کی جانب سے مرتضی وہاب ایڈووکیٹ بھی عدالت میں پیش ہوئے ۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں