سرفرازاحمد پر تنقید کا شدید ردعمل عامرسہیل وضاحتیں دینے لگے

میرے بیان کو سیاق و سباق سے ہٹ کر پیش کیا گیا،عامر سہیل


Sports Desk June 16, 2017
میرے بیان کو سیاق و سباق سے ہٹ کر پیش کیا گیا،عامر سہیل . فوٹو: فائل

KARACHI: پاکستان کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان عامر سہیل نے سرفراز احمد پر تنقید کے حوالے سے سوشل میڈیا پر شدید رد عمل آنے کے بعد اپنے بیان کی وضاحت پیش کی ہے۔ انہوں نے کہا کہ میرے بیان کو سیاق و سباق سے ہٹ کر پیش کیا گیا۔

اپنے ایک بیان میں عامر سہیل نے کہا کہ میں وہ واحد شخص تھا جس نے سرفراز احمد کو قومی ٹیم کی قیادت سونپنے کی سب سے پہلے حمایت کی یہ کبھی نہیں کہا کہ سرفراز احمد خاص ایجنڈے کے تحت کام کر رہے ہیں۔ یہ بیان اس لیے دیا تھا کیونکہ سری لنکا کے خلاف فتح کے بعد جب سرفراز سے پوچھا گیا تھا کہ کیا آپ جیت کو جاوید میانداد کے نام کرتے ہیں تو جواباً انہوں نے کہا تھا کہ نہیں! وہ ہم پر بہت تنقید کرتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ اگر آپ غلط کریں گے تو غلط کہیں گے، درست کریں گے تو سراہیں گے جب کہ درست کرتے ہوئے کوئی غلطی کریں گے تو اسکی بھی نشاندہی کریں گے۔

سوشل میڈیا پر عامر سہیل کے بیان پر رد عمل دیکھنے میں آیا ہے، ایک صارف نے کہا میرا خیال ہے کہ 96-1992 کے پلیئرز احساس برتری میں مبتلا ہیں جس کو وہ کبھی ختم نہیں کر سکتے، اسی لیے وہ جونیئرز کی حوصلہ افزائی نہیں کرتے۔



ایک اور ٹویٹر صارف نے کہا سیاق سباق سے ہٹ کر؟ آپ نے یہ سب کہا ہے، اپنے بیان کی وڈیو دوبارہ دیکھیں، اگر غلطی کی ہے تو اسے تسلیم کرنے کی ہمت بھی ہونی چاہیے۔



واضح رہے کہ ایک پروگرام میں عامر سہیل نے سری لنکا کے خلاف فتح کے بعد سرفراز احمد کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا تھا کہ سرفراز احمد کو پتہ ہونا چاہیے کہ آپ نے کوئی کمال نہیں کیا بلکہ یہ میچ آپ کو جتوائے گئے ہیں، سرفراز کو اس فتح پر زیادہ اترانے کی ضرورت نہیں ہے کیونکہ ہمیں معلوم ہے کہ کرکٹ میں کیا کیا ہوتا ہے۔ اب یہ نہ پوچھا جائے کہ کس نے میچ جتوائے، قوم کی دعاﺅں کے نتیجے میں اللہ تعالیٰ نے پاکستان کو فتح دی تاہم اس جیت کے وسیلوں کا نام نہیں لوں گا۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں