عدم اعتماد ایک ذہنی عارضہ

شعوری طاقت کے تحت تو بڑی بڑی کامیابیوں کا حصول بھی ممکن ہے۔


شعوری طاقت کے تحت تو بڑی بڑی کامیابیوں کا حصول بھی ممکن ہے۔ فوٹو : فائل

خود اعتمادی وہ صلاحیت ہے جوانسان کو زندگی میں کامیابیوں کے حصول کے لیے ہر قدم، ہر پل اور ہر موڑ پر درکار ہوتی ہے۔ اگر خدا نخواستہ ہم میں سے کوئی اپنی اس صلاحیت کو بروئے کار نہیں لاتا یا بوجوہ اسے کھو بیٹھتا ہے تو پھر اسے زندگی کا سفر طے کرنا اگر ناممکن نہیں تو محال ضرور ہوجاتا ہے۔

خود اعتمادی باہر سے نہیں بلکہ انسان کے اندر سے پیدا ہو کرتی ہے۔ جب تک ہم خود اسے پروان نہ چڑھائیں تو کوئی طاقت بھی اسے بڑھاوا نہیں دے سکتی۔ خود اعتمادی میں اضافے کا سب سے بہترین ذریعہ اپنے اندر خود کلامی کرنے کی عادت پیدا کرنا ہے۔ اپنا نام لے کر اپنی کمزوریاں دور کرنے اور خوبیاں زیادہ کرنے کی خود کو نصیحتیں اور مشورے دینے کا انداز اپنائیں۔ اگر ہو سکے تو قد آدم آئینے کے سامنے کھڑے ہو کر خود کو مخاطب کرکے اپنی خود اعتمادی میں اضافے کی مشق کیا کریں۔

اس سلسلے میں ماہرین نے مراقبہ کرنے کو بھی خود اعتمادی سمیت شخصی خوبیوں میں اضافے کا بہترین ذریعہ قرار دیا ہے۔پرانی عادت فطرتِ ثانی کا درجہ اختیار کرلیتی ہے، اپنی شخصیت کے مختلف پہلوؤں میں تبدیلی پیدا کرنا ہر فرد کے لیے کچھ آسان کام نہیں ہوتا۔کوئی بھی فرد پیش بندی اور شعوری ادراک کے تحت پیدا ہونے والی صورتحال پہ قابو پا سکتا ہے۔

شعوری طاقت کے تحت تو بڑی بڑی کامیابیوں کا حصول بھی ممکن ہے۔ تنہائی میں قدِ آدم آئینے کے سامنے اپنے اندر خود اعتمادی کی پریکٹس کی جائے اور بآوازِ بلند کہا جائے کہ میرے اندر خود اعتمادی بہت ہے ۔اس سلسلے میں کسی ماہر نفسیات کی رہنمائی حاصل کر لی جائے تو یہ معاملہ ذرا اور بھی آسان ہو جاتا ہے۔

دھیان رہے کہ نفسیاتی مسائل کا حل سائیکالوجسٹ سے کروانا چاہیے، سائیکیٹرسٹ سے نہیں۔ کیوں کہ بسا اوقات سائیکیٹرسٹ کی دی جانے والی ادویات کو چھوڑنا بھی ایک بہت بڑا مسئلہ بن جایا کرتا ہے۔ لہٰذا ذہنی مسائل سے جان چھڑانے کے لیے برین واشنگ کے طریقے خاطر خواہ حد تک مفید اور کار آمد ثابت ہوا کرتے ہیں۔

غذاؤں میں کیلا بہترین غذائی عنصر ہے جس میں قدرتی طور پر ذہنی عوارض کے اثرات کم کرنے کی صلاحیت پائی جاتی ہے۔ مغز، بادام، پپیتہ، انگور، انار، آڑور اور بہی بہترین غذائیں ہیں۔ پالک کا استعمال بھی مفید رہے گا۔ پالک میں قدرتی طور پر فولادی اجزاء کی کثیر مقدار پائی جاتی ہے جبکہ جسمانی و ذہنی خلیات کو چست کرنے کے لیے فولاد لازمی اور بنیادی جزو ہے۔ عام طور پہ بہی کا مربہ ایک چھٹانک روزانہ دھو کر کھا یا جاتا ہے۔

تیز مصالحہ جات، سرخ مرچ، زیادہ نمک، چکنائی،کولا مشروبات،بیکری مصنوعات، بڑا گوشت، بیگن، دال ماش،کھجور وغیرہ کے استعمال سے پرہیز کے ساتھ روزانہ ایک گھنٹہ ورزش کی جائے۔ حسد، بغض، کینہ، نفرت، غصہ، تکبر اور بغل کے جذبات سے بچا جائے اور محبت، رواداری، ایثار، عاجزی، اخوت اور سخاوت کے جذبات کو فروغ دینے سے بھی خود اعتمادی میں کمی سمیت تمام نفسیاتی مسائل سے نجات میسر آتی ہے۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں