1948 میں قائد اعظم کو گھناؤنی سازش کے تحت قتل کیا گیا الطاف حسین

ایم کیو ایم کو کوئی سازش نہیں توڑ سکتی اور نہ ہی ہم اپنے نظام کو بگڑنے دیں گے، الطاف حسین


ویب ڈیسک January 31, 2013
راجواڑوں اور ریاستوں کو توڑنے کا وقت آگیا ہے کیونکہ یہ ٹوٹیں گی تو ہی پاکستان بچے گا، الطاف حسین فوٹو: فائل

ایم کیو ایم کے قائد الطاف حسین نے کہا ہے کہ قائد اعظم کا تاج برطانیہ سے حلف لینے سے متعلق اپنے بیان پر آج بھی قائم ہوں، 1948 میں قائد اعظم کو گھناؤنی سازش کے تحت قتل کیا گیا۔

لاہور میں کارکنان سے لندن سے ٹیلیفونک خطاب کرتے ہوئے الطاف حسین نے کہا کہ کراچی میں دہشتگردی کی وارداتیں دن بدن بڑھتی جارہی ہیں لہٰذا حکومت سندھ امن وامان کی صورتحال پر توجہ دے اور دہشت گردی کے واقعات کو فوری روکے۔ انہوں نے کہا کہ عوام مہنگائی، بیروزگاری، بجلی اور گیس کی لوڈشیڈنگ سے تنگ آچکے ہیں اور لوگ خودکشیوں اور اپنے بچوں کو بیچنے پر مجبور ہوگئے ہیں، اس حوالے سے انہوں نے علامہ اقبال کے مشہور شعر کا مصرعہ کچھ اس انداز میں پڑھا ''جس ملک کے ایوانوں سےغریبوں کو میسر نہ ہو روزی اس ملک کے ایوانوں کو جلادو''۔

الطاف حسین کا کہنا تھا جاگیرداروں اور وڈیروں نے عوام کو غلام بنالیا ہے لہٰذا ان راجواڑوں اور ریاستوں کو توڑنے کا وقت آگیا ہے کیونکہ یہ ٹوٹیں گی تو ہی پاکستان بچے گا اگر یہ برقرار رہیں تو باقی ماندہ پاکستان بھی ٹوٹ جائے گا۔ ان کا کہنا تھا کہ ایم کیو ایم کو کوئی سازش نہیں توڑ سکتی اور نہ ہی ہم اپنے نظام کو بگڑنے دیں گے۔

ایم کیو ایم کے قائد کا کہنا تھا کہ اگر آئندہ انتخابات میں عوام کی نمائندگی کا موقع دیا گیا تو ایم کیو ایم ملک میں یکساں نظام تعلیم نافذ کرے گی اور سارا لوٹا ہوا خزانہ پاکستان کے سرکاری خزانے میں ڈالاجائے گا جن کے چوکیدار اہل اور مضبوط لوگ ہوں گے۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں