مائیکل ہسی نے پاکستان کو فیورٹ قرار دے دیا

روایتی حریفوں کے فیصلہ کن معرکے کو شائقین مدتوں یاد رکھیں گے، کمار سنگاکارا

پاکستان ٹیم اپنی گذشتہ کامیابیوں سے حوصلہ حاصل کرتے ہوئے اس ٹورنامنٹ کے اپنے آخری میچ کو یادگار بنائے گی، ہسی۔ فوٹو: فائل

KARACHI:
سابق غیرملکی اسٹارز نے بھی چیمپئنز ٹرافی میں پاکستان کو فیورٹ قرار دے دیا۔

آسٹریلیا کے سابق بیٹسمین مائیک ہسی نے آئی سی سی کی ویب سائٹ کے لیے اپنے کالم میں کہاکہ بھارت اگرچہ ایک مضبوط ٹیم ہیں مگر انھیں پاکستان کے ہاتھوں کسی معجزے کے لیے تیار رہنا چاہیے، وہ کہتے ہیں کہ گرین شرٹس نے اس ٹورنامنٹ میں سب کو حیران کیا ہے، رینکنگ میں 8 ویں نمبر پر ہونے اور پہلے میچ میں بھارت کے ہاتھوں بھاری شکست کے باوجود اس نے زبردست کم بیک کیا اور فائنل میں جگہ بنالی، اس وقت محسوس یہی ہورہا ہے کہ قسمت پاکستان کے ساتھ ہے، انہوں نے کہا کہ سری لنکا کے خلاف آخری گروپ میچ میں کپتان سرفراز احمد نے ایک اہم اننگز کھیلی، انگلینڈ سے میچ میں بھی کامیابی کا سلسلہ برقرار رکھا گیا اور اب ان کے پاس روایتی حریف سے بدلہ لینے کا نادر موقع موجود ہے۔


ہسی نے مزید کہا کہ آئی سی سی ٹورنامنٹس میں اگرچہ پاکستان کا بھارت کے خلاف ریکارڈ زیادہ اچھا نہیں مگر چیمپئنز ٹرافی میں وہ ایک بار نہیں بلکہ دو بار بھارتی ٹیم کو زیر کرچکا، یہ ریکارڈ بھی اس کیلیے تحریک کا باعث بنے گا، مجھے یقین ہے کہ پاکستان ٹیم اپنی گذشتہ کامیابیوں سے حوصلہ حاصل کرتے ہوئے اس ٹورنامنٹ کے اپنے آخری میچ کو یادگار بنائے گی۔

دوسری جانب سری لنکا کے سابق کپتان کمارسنگاکارا نے کہا کہ چیمپئنز ٹرافی کے فائنل کو شائقین کرکٹ مدتوں یاد رکھیں گے، میں ٹورنامنٹ سے قبل یہ پیشگوئی بالکل بھی نہیں کرسکتاتھا کہ روایتی حریفوں کے درمیان فائنل ہوگا مگر اب کوئی بھی یہ دعویٰ نہیں کرسکتا کہ ان میں کوئی ٹیم ٹرافی میچ کھیلنے کی حقدار نہیں ہے، دونوں ہی ٹیموں نے اس ٹورنامنٹ میں غیرمعمولی کرکٹ کھیلی ہے، مجھے یقین ہے کہ بھارت لازمی طور پر پاکستان سے محتاط ہوگا۔
Load Next Story