پاک بھارت ٹرافی فائنل ہراوور5 کروڑ کا ہوگا

10 سیکنڈ کا اشتہار چلانے کی قیمت 25 سے بڑھ کر 35 لاکھ ہوجائیگی

10 سیکنڈ کا اشتہار چلانے کی قیمت 25 سے بڑھ کر 35 لاکھ ہوجائیگی۔ فوٹو: اے ایف پی

KARACHI:
اتوار کو پاک، بھارت چیمپئنز ٹرافی فائنل کا ہر اوور 5 کروڑ کا ہوگا۔

روایتی حریفوں کے درمیان یہ محض ایک میچ ہی نہیں ہوگا بلکہ اشتہارات کی دنیا کے ماہرین کے مطابق اس فائنل میچ کے دوران ٹی وی اشتہارات سے تقریباً 500 کروڑ کی کمائی ہونے کا اندازہ ہے، یعنی فائنل میں 100 اوور کے میچ میں ہر ایک اوور میں تقریباً پانچ کروڑ کی کمائی کی امید ہے۔

ایونٹ کے4 جون کو ہونے والے پہلے مقابلے کے دوران ٹی وی نشریات کمپنی نے 10سیکنڈ کا اشتہار دکھانے کے لیے25 لاکھ چارج کیے تھے لیکن ٹی وی اشتہارات دلانے والی کچھ کمپنیاں دعویٰ کرتی ہیں کہ فائنل میں یہ قیمت 35 لاکھ تک پہنچ گئی ہے جبکہ اسٹار ٹی وی کے مطابق بھارت اور پاکستان کے درمیان چیمپئنز ٹرافی کے پہلے میچ کو 20 کروڑ سے بھی زیادہ لوگوں نے دیکھا۔ اس ایک میچ کا تقابل کیا جائے تو ڈیڑھ ماہ تک چلنے والی 60 میچز والے آئی پی ایل کو تقریباً 40 کروڑ ناظرین نے دیکھا تھا۔


پاک بھارت فائنل میچ تقریباً ایک ارب سے بھی زیادہ لوگوں کے ٹی وی پر دیکھنے کا اندازہ ہے، کسی بھی بڑے ٹورنامنٹ اور اہم میچ میں ٹی وی نشریات کمپنی اشتہارات کے لیے10 فیصد سلاٹ ریزرو رکھتی ہے، اسے آسان الفاظ میں اس طرح بھی کہا جاسکتا ہے کہ بڑے میچز میں جو زیادہ پیسہ دے گا، اس کے لیے دروازے کھلے ہیں۔

نشریات کے لیے انڈیا کی وزارت اطلاعات و نشریات کے قوانین کے مطابق ایک گھنٹے کے کسی بھی طرح کی ٹی وی نشریات کے دوران صرف 12 منٹ کے لیے ہی اشتہارات دکھائے جاسکتے ہیں۔ یعنی تقریباً9 گھنٹے کی نشریات کے دوران میں ٹی وی کمپنی کے پاس تقریباً 108 منٹ کے اشتہارات دکھانے کے لیے ہوں گے۔ اس کے علاوہ میچ سے پہلے تجزیے اور بعد کے جائزے وغیرہ کو جوڑ دیا جائے تو اسے 40 سے 50 منٹ مزید مل جاتے ہیں، پاکستان اور بھارت کے درمیان فائنل میں اشتہارات دکھانے کے لیے بہت سی کمپنیاں اپنی مصنوعات کو پروموٹ کرنے کے لیے ہاتھ پیر مار رہی تھیں لیکن بتایا جا رہا ہے کہ کوئی بھی سلاٹ خالی نہیں ہے۔

واضح رہے کہ چیمپیئنز ٹرافی کے پہلے میچ میں دونوں ملکوں کے درمیان برمنگھم میں بارش کی وجہ سے وقت خراب ہوا اور یہ نشریات کمپنی کے لیے لاٹری ثابت ہوا کیونکہ اس کو کہیں زیادہ اشتہارات دکھانے کا موقع مل گیا۔ پہلے ہی میچ میں ان دونوں ٹیموں کا مقابلہ کرادینا انٹرنیشنل کرکٹ کونسل کے ٹورنامنٹس کی کامیابی اور ٹی وی کمپنی کے لیے سونے کی کان ثابت ہوئی۔

 
Load Next Story