جاپان میں لاپتہ امریکی بحریہ کے 7 اہلکاروں کی لاشیں مل گئیں

فوجیوں کی لاشیں جنگی جہاز کے اس حصے سے ملیں جس میں پانی بھر گیا تھا، حکام


June 18, 2017
فلپائنی تجارتی جہاز کی ٹکر سے یو ایس ایس فٹز جیرالڈ کو شدید نقصان پہنچا تھا۔ فوٹو: رائٹرز

جاپان کے ساحل پر امریکی جنگی بیڑے اور فلپائنی تجارتی جہاز میں ٹکر کے بعد لاپتہ ہونے والے 7 امریکی فوجیوں کی لاشیں مل گئی ہیں۔

امریکی حکام کے مطابق لاپتہ ہونے والے فوجیوں کی تلاش کے لیے امریکی اور جاپانی بحری افواج نے بڑے پیمانے پر فضائی و سمندری سرچ آپریشن کیا، تاہم فوجیوں کی لاشیں امریکی جہاز ''یو ایس ایس فٹز جیرالڈ'' کے برتھنگ کمپارٹمنٹس سے ملیں جس میں پانی بھر گیا تھا۔ لاشوں کو جاپان میں امریکی بحری اڈے کے اسپتال منتقل کردیا گیا ہے جہاں ان کی شناخت کا عمل جاری ہے۔ حکام نے تصادم کی وجوہات معلوم کرنے کے لیے تحقیقات شروع کردی ہیں۔ جاپانی میڈیا رپورٹس کے مطابق امریکی جہاز اپنی جگہ کھڑا تھا اور فلپائنی جہاز نے اسے جاکر ٹکر ماری۔

یہ بھی پڑھیں: امریکی بحریہ اور فلپائنی تجارتی جہاز میں تصادم، متعدد فوجی زخمی اور لاپتہ

واضح رہے کہ گزشتہ روز ٹوکیو کی بندرگاہ کے قریب امریکی جنگی بیڑے یو ایس ایس فٹز جیرالڈ اور فلپائنی تجارتی جہاز 'اے سی ایکس کرسٹل' کے درمیان تصادم کے نتیجے میں امریکی کمانڈنگ افسر سمیت متعدد فوجی زخمی اور 7 اہلکار لاپتہ ہو گئے تھے۔ جاپان میں امریکا کا بڑا فوجی اڈہ یوکوسوکا قائم ہے جہاں سے بحر اوقیانوس میں امریکی بحریہ کی آپریشنل سرگرمیوں کو کنٹرول کیا جاتا ہے۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔