انسداد پولیو مہم میں لیڈی ہیلتھ ورکرزکااہم کردارہے ڈی سی جنوبی

انسداد پولیو کے سلسلے میں کام کرنیوالوں کیلیے حفاظتی اقدامات کو بھی یقینی بنایا جارہا ہے


Staff Reporter February 01, 2013
کراچی کی ضلعی انتظامیہ اور محکمہ صحت سمیت دیگر متعلقہ اداروں کے باہمی تعاون اور مسلسل کاوشوں کے نتیجے میں شہرکراچی بہت جلد پولیو فری بن جانے کی امید ہے۔ فوٹو: فائل

ڈپٹی کمشنر ساؤتھ مصطفی جمال قاضی نے کہا ہے کہ انسداد پولیو مہم میں لیڈی ہیلتھ ورکرز ریڑھ کی ہڈی کی حیثیت رکھتی ہیں اور اس سلسلے میں وہ کلیدی کردار ادا کر رہی ہیں۔

انھوں نے کہا کہ مستقلی کے بعد لیڈی ہیلتھ ورکرز نئے جوش و جذبے کے ساتھ اپنے فرائض انجام دے رہی ہیں ،ان خیالات کا اظہار انھوں نے انسداد پولیو کے سلسلے میں قائم ڈسٹرکٹ کمیٹی کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا،اجلاس میں ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر ساؤتھ ایس ایم افضال زیدی اوردیگر شریک تھے ، مصطفی جمال قاضی نے اجلاس سے خطاب کے موقع پر کہا کہ شہر کے داخلی اور خارجی راستوں سمیت ریلوے اسٹیشن ، انٹر سٹی بسوں کے اڈوں پر والدین کے ہمراہ آنے والے 5سال تک کے بچوں کو پولیو سے بچاؤ کے قطرے پلوانے کی افادیت اور نہ پلوانے کی صورت میں نقصان کے بارے میں آگاہ کیا جائے گا۔



انھوں نے کہا کہ انسداد پولیو کے سلسلے میں کام کرنے والے اداروں ، کراچی کی ضلعی انتظامیہ اور محکمہ صحت سمیت دیگر متعلقہ اداروں کے باہمی تعاون اور مسلسل کاوشوں کے نتیجے میں شہرکراچی بہت جلد پولیو فری بن جانے کی امید ہے ، انھوں نے والدین سے اپیل کی کہ بچوں کو پولیوسے بچاؤ کے قطرے پلوانا ان کی قومی اور اخلاقی ذمے داریاں ہیں جسے وہ ہر صورت میں پورا کریں۔

اس موقع پر انھوں نے کہا کہ حساس مقامات پر انسداد پولیو کے سلسلے میں کام کرنے والوں کیلیے حفاظتی اقدامات کو بھی یقینی بنایا جارہا ہے ،ڈپٹی کمشنر ساؤتھ نے پولیو کے خاتمے کی مہم میں محنت ، دیانتداری اور نمایاں کام کرنے والے افسران اور ورکرز کی خدمات کو سراہتے ہوئے انھیں خراج تحسین پیش کیا ۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں