بنگلہ دیش پریمیئر لیگ دوسرے ایڈیشن میں بھی فکسنگ کی اطلاعات

رنگپور نے اپنے خلاف میچ میں رائل بنگال پرغلط کام میں ملوث ہونے کاالزام لگادیا۔


Sports Desk February 01, 2013
حریف ٹیم کی بھی جوابی کارروائی، 100 کروڑ ٹکا کا ہتک عزت کا دعویٰ دائر۔ فوٹو : فائل

بنگلہ دیش پریمیئر لیگ کے دوسرے ایڈیشن میں بھی اسپاٹ فکسنگ کی اطلاعات سامنے آ گئیں۔

رنگپور رائیڈرز نے اپنے خلاف میچ میں رائل بنگال پر فکسنگ کا الزام لگا دیا، اس پر رائل نے حریف کیخلاف 100 کروڑ ٹکا کا ہتک عزت کا دعویٰ دائر کیا ہے۔ تفصیلات کے مطابق گذشتہ برس پلیئرز کو معاوضے نہ ملنے اور فکسنگ کے الزامات کی گونج میں بی پی ایل کا پہلا ایڈیشن منعقد ہوا تھا، اس بار بھی حالات تبدیل نہیں ہوئے۔

غیرملکی کھلاڑی معاوضے کی ابتدائی قسط نہ ملنے پر بائیکاٹ کی دھمکی دے چکے اور اب فکسنگ کی باتیں بھی شروع ہوگئیں، رنگپور رائیڈرز کے مالک رفیق اسلام نے الزام لگایا کہ 25 جنوری کو رائل بنگال سے 9 رنز کی شکست میں ان کی ٹیم اسپاٹ فکسنگ کا شکار ہوئی،انھوں نے اننگز کے 13ویں اوور کی دوسری گیند کا خاص طور پر ذکر کیا، جس میں آسٹریلوی بیٹسمین کیمرون بورگاس رن مکمل کر رہے تھے کہ حریف فیلڈر نے راستہ روک لیا،امپائر نے صورتحال کا نوٹس لینے کے بجائے انھیں رن آئوٹ قرار دے دیا۔



آفیشل براڈکاسٹر چینل نے واقعے کا ری پلے دکھانے سے گریز کیا،میچ کے دوران کچھ دیر تک اسکور بورڈ بھی غیرمتحرک رہا، یہ تمام باتیں کسی مشکوک سرگرمی کی جانب اشارہ کر رہی تھیں۔ دوسری جانب رائل بنگال اس الزام پر سخت برہم ہے اور اس نے رنگپور رائیڈرز کیخلاف 100 کروڑ ٹکا کا ہتک عزت کا دعویٰ دائر کر دیا۔

ٹیم کے ترجمان چوہدری خالد مسعود نے میڈیا کے استفسار پر اس کی تصدیق کی مگر مزید تفصیلات بتانے سے گریز کیا۔ یاد رہے کہ پاکستانی کھلاڑیوں کی عدم موجودگی سے ایونٹ کا رنگ پہلے ہی پھیکا پڑا ہوا تھا، اب اس قسم کی باتوں سے شائقین کی دلچسپی مزید کم ہونے کا امکان ہو گیا ہے۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں

رائے

شیطان کے ایجنٹ

Nov 24, 2024 01:21 AM |

انسانی چہرہ

Nov 24, 2024 01:12 AM |