قائد اعظم ٹرافی کرکٹ کراچی بلوز کیخلاف اسلام آباد کی بیٹنگ ناکام

188پر8 وکٹیں گنوا دیں، لاہور راوی نے پشاور کے خلاف 3 وکٹ پر254 رنز بنالیے۔


Sports Reporter February 01, 2013
اوپننگ بیٹسمین عمران فرحت کی ناقابل شکست سنچری۔ فوٹو : فائل

قائد اعظم ٹرافی کا ساتواں رائونڈ جمعرات سے مختلف وینیوز پرشروع ہوگیا۔

موصولہ اطلاعات کے مطابق اسلام آباد کے ڈائمنڈ گرائونڈ پر میزبان ٹیم کی بیٹنگ ناکام ہو گئی،اس نے کراچی بلوز کے خلاف پہلی اننگز میں188رنز پر8وکٹیں گنوا دیں، نعیم انجم 56 رنز کے ساتھ کریز پر ہیں،زوہیب احمد نے57رنز جوڑے،اعظم حسین نے48 رنز کے عوض 5کھلاڑیوں کو واپس پویلین بھیجا،طارق ہارون نے صرف18 رنز دے کر 3وکٹیں لیں،آزاد جموں وکشمیر کے میر پور اسٹیڈیم میں کراچی وائٹس نے فیصل آباد کیخلاف پہلی اننگز میں297 رنز بنائے،6کھلاڑی ڈبل فیگر میں داخل نہ ہو سکے۔

دانیال احسن نے 17 چوکوں کی مدد سے 90 رنز کی اننگز کھیلی،خالد لطیف نے83 رنز جوڑے، اس میں 13 چوکے اور 3 چھکے شامل تھے، فیصل آباد کے اسد علی نے 97 رنز دیکر 7 وکٹیں اپنے نام کیں،جواب میں پہلے روزکھیل کے اختتام پر فیصل آباد نے ایک وکٹ پر 13 رنز بنائے،لاہور کے ایل سی سی اے گرائونڈ پر عمران فرحت کی ناقابل شکست سنچری (133 رنز) کی بدولت لاہور راوی نے پشاور کے خلاف3 وکٹ پر254 رنز بنالیے، عابد علی نے63 رنز کی اننگز کھیلی،ملتان اسٹیڈیم میں سیالکوٹ کی ٹیم ماجد جہانگیر کی سنچری کے باوجود 189رنز بناکر ڈریسنگ روم پہنچ گئی۔



ماجد جہانگیرنے 11 چوکوں کی مدد سے 105 رنز کی عمدہ اننگز کھیلی،ایوب نے31 رنز کا اضافہ کیا، ذوالفقار بابر نے67 رنز دیکر 7کھلاڑی ٹھکانے لگائے جبکہ رضوان حیدر نے 37رنز دیکر 2 وکٹیں اپنے نام کیں،جواب میںملتان نے پہلے دن کھیل کے اختتام پر بغیر کسی نقصان 15 رنز بنائے،سپر ایٹ مرحلہ کیلیے قذافی اسٹیڈیم میں ہونے والے فیصلہ کن میچ میں پہلی اننگز میں3 وکٹیں کھوکر 151 رنز بنانے والی لاہور شالیمار نے حیدرآباد کے خلاف3 پوائنٹس کا حصول یقینی بنا لیا،عمران بٹ نے59 رنز سمیٹے جبکہ عمر اکمل 31رنز کے ساتھ کریز پر ہیں، قبل ازیں حیدر آباد کی ٹیم 43.1 اوورزمیں 103 رنز پرڈھیر ہوگئی تھی۔

شرجیل خان 23 اورعقیل انجم 20 رنز کے ساتھ نمایاں رہے،4 کھلاڑی 4،4رنز بناکر آئوٹ ہوئے،اعزاز چیمہ نے33 رنز کے عوض 5 کھلاڑیوں کو پویلین لوٹایا جبکہ وہاب ریاض نے 22رنز دیکر 3 کھلاڑیوں کو میدان سے باہر بھیجا،اس طرح لاہور شالیمار کو حریف ٹیم کے خلاف پہلی اننگز میں 48 رنز کی برتری اور 7 وکٹیں محفوظ ہیں،گروپ بی سے سپر ایٹ مرحلہ میں پہنچنے والی راولپنڈی نے پنڈی اسٹیڈیم میںبہاولپور کے خلاف اپنی پہلی اننگز میں 334 رنز بنائے اور5 کھلاڑی آئوٹ ہوئے،عمر انجم نے 18 چوکوں کی مدد سے 124 جوڑے جبکہ عمر وحید نے77 رنز کی اننگز کھیلی،سپر ایٹ رائونڈ سے باہر ہو جانے والی بہاولپور کے انصار جاوید اور عمران اللہ نے 2کھلاڑیوں کو واپس پولین بھیجا۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں