ڈیوس کپ ٹینس پاکستان اور سری لنکا کی ٹائی کا آج آغاز

کولمبو میں جیتنے والی ٹیم نیوزی لینڈ اور لبنان گروپ مقابلے کے فاتح سے مقابلہ کریگی۔


Sports Desk February 01, 2013
کولمبو میں جیتنے والی ٹیم نیوزی لینڈ اور لبنان گروپ مقابلے کے فاتح سے مقابلہ کریگی۔ فوٹو: فائل

پاکستان اور سری لنکا کے درمیان ڈیوس کپ ایشیا اوشیانا زون گروپ ٹو مقابلے جمعے سے شروع ہو رہے ہیں۔

سنگلز کے دو افتتاحی میچ جمعے جبکہ ڈبلز میچز 2اور 3فروری کو کھیلے جائیں گے۔ تمام میچز بیسٹ آف فائیو سیٹس کی بنیاد پر کھیلے جائیں گے ۔ بھارتی ریفری پنیت گپتا اور سری لنکا کے چیئر امپائرز مفضل ہزاری اور پراساد جایالاتھاراچی مقابلوں کی نگرانی کریں گے، ڈینتھ پتھی راجا تین روزہ ٹورنامنٹ کے ڈائریکٹر ہوں گے۔

اگرچہ سری لنکا مقامی میچوں میں ڈنلوپ گیند استعمال کرتا ہے مگر ڈیوس کپ ٹورنامنٹ میں ولسن یو ایس بال استعمال کی جائے گی۔ میزبان ملک ایشیا اوشیانا زون گروپ ٹو کے پہلے راؤنڈ میں اس سے قبل چار میچوں میں کبھی پاکستان کو شکست نہیں دے سکا، اپنے گروپ ٹو درجے کو برقرار رکھنے کے لیے اب سری لنکا،پاکستان کو تیسرے سال ہرانے کی کوشش کرے گا۔



ٹیم کو راجر فیڈر کے سابق کوچ سوئٹزر لینڈ کے ڈومینی اٹزنگر تربیت دے رہے ہیں، ٹاپ سیڈ پلیئر ہرشانا گوڈاماننا امریکا میں ایک ماہ گزار کر ٹیم کا حصہ بنے ہیں، راجیو راجا پکسے ڈبلز اسپیشلسٹ جبکہ امریش جایاوکرریما چوتھے کھلاڑی ہیں، روہن ڈی سلوا نان پلیئنگ کپتان ہوں گے۔

پاکستان کی نمائندگی تجربہ کار اعصام الحق قریشی بھی کریں گے جو 2010 کے یو ایس اوپن میں مینز اور مکسڈ ڈبلز مقابلوں کے فائنلسٹ تھے،اے ٹی پی مینز ڈبلز رینکنگ میں وہ اس وقت 14ویں پوزیشن پر ہیں۔ دیگر کھلاڑیوں میں عقیل خان، یاسر خان ار محمد عابد شامل ہیں جبکہ محمد خالد نان پلیئنگ کپتان ہیں۔ کولمبو میں جیتنے والی ٹیم نیوزی لینڈ اور لبنان گروپ مقابلے کی فاتح سائیڈسے مقابلہ کرے گی۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں