مائیکل فیلپس اب گریٹ وائٹ شارک سے مقابلہ کریں گے

وائٹ شارک عام طور پر 5 میل فی گھنٹہ کی رفتار سے تیرتی ہےضرورت پڑنے پروہ 25 میل فی گھنٹہ تک کی رفتار بھی حاصل کرسکتی ہے


ویب ڈیسک June 18, 2017
مائیکل فیلپس کا بہترین ریکارڈ 6 میل فی گھنٹہ کی رفتار ہے فائل فوٹو

سوئمنگ کی دنیا کے بے تاج بادشاہ مائیکل فیلپس جنہوں نے اولمپکس سمیت متعدد مقابلوں میں حریفوں کی امیدوں پر پانی پھیرا اب گریٹ وائٹ شارک سے مقابلے کی تیاریاں کررہے ہیں۔

میل آن لائن کی رپورٹ کے مطابق اولمپکس کی تاریخ میں سب سے زیادہ گولڈ میڈلز جیتنے کا اعزاز رکھنے والے امریکی پیراک مائیکل فیلپس آئندہ ماہ گریٹ وائٹ شارک کو مات دینے کے لیے پانی میں اتریں گے لیکن 28 اولمپک میڈلز اپنے نام کرنے کا اعزاز رکھنے والے مائیکل فیلپس یہ خطرناک ایڈونچر کیوں کرنے جارہے ہیں؟

دراصل وہ یہ خطرناک کام وائلڈ لائف چینل ڈسکوری کے ایک پروگرام کے لیے کرنے جارہے ہیں کیوں کہ ڈسکوری آئندہ ہفتے سے شارک ویک شروع کرنے جارہا ہے۔ مائیکل فیلپس اور شارک کے درمیان ہونے والے اس مقابلے کو 'فیلپس بمقابلہ شارک: گریٹ گولڈ بمقابلہ گریٹ وائٹ' کا نام دیا گیا ہے۔

اپنے پریس ریلیز میں ڈسکوری نے اس مقابلے کو انتہائی یادگار قرار دیا ہے کیوں کہ اس سے پہلے کسی نے ایسا نہیں کیا البتہ یہ بات واضح نہیں کہ شارک اور مائیکل فیلپس کے درمیان تیراکی کا مقابلہ کس طرح منعقد کیا جائے گا اور اگر پانی میں بیک وقت شارک اور فیلپس دونوں موجود ہوں گے تو مائیکل فیلپس کی حفاظت کے لیے کیا انتظامات کیے جائیں گے۔

چند روز قبل مائیکل فیلپس نے اپنے انسٹاگرام اکاؤنٹ پر ایک تصویر لگائی تھی جس میں وہ لوہے کے پنجرے کے اندر موجود تھے جبکہ پانی میں گریٹ وائٹ شارک بھی موجود تھی۔ فیلپس نے اپنے پیغام میں کہا تھا کہ انہوں نے وہ کام کیا جو وہ ہمیشہ سے کرنا چاہتے تھے یعنی گریٹ وائٹ کے ساتھ ڈائیونگ۔

اب دیکھنا یہ ہے کہ اس مقابلے میں مائیکل فیلپس اپنی کامیابی کا سلسلہ جاری رکھتے ہیں یا پھر گریٹ وائٹ شارک بازی مار لیتی ہے۔ گریٹ وائٹ شارک عام طور پر 5 میل فی گھنٹہ کی رفتار سے تیرتی ہے البتہ ضرورت پڑنے پر وہ 25 میل فی گھنٹہ تک کی رفتار بھی حاصل کرسکتی ہے جبکہ مائیکل فیلپس کا بہترین ریکارڈ 6 میل فی گھنٹہ کی رفتار ہے۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔