پاکستان کی تاریخی فتح پر کرکٹرز کے اہلخانہ بھی خوشی سے نہال

قومی ٹیم نے بھارت کے خلاف فائنل میں فتح سمیٹ کر ہمیں عید سے پہلے عید کا تحفہ دیا ہے، اہلخانہ قومی کرکٹرز


Sports Reporter June 18, 2017
قومی ٹیم نے بھارت کے خلاف فائنل میں فتح سمیٹ کر ہمیں عید سے پہلے عید کا تحفہ دیا ہے، اہلخانہ قومی کرکٹرز ۔ فوٹو : رائٹرز

قومی کرکٹ ٹیم کی آئی سی سی چیمپئنز ٹرافی کے فائنل میں بھارت کے خلاف فتح کے بعد کرکٹرز کے اہلخانہ بھی خوشی سے کھل اٹھے اور لاہور سمیت ملک کے دیگر شہروں میں رہنے والے کھلاڑیوں کے گھروں کے باہر جشن کا سماں رہا۔

لندن کے کیننگٹن اوول میں کھیلے گئے چیمپئنز ٹرافی کے سب سے بڑے معرکے میں گرین شرٹس کی شاندار کارکردگی کی بدولت پاکستان نے ٹائٹل اپنے نام کرلیا جب کہ پاکستان کی جیت پر قومی کپتان سرفراز احمد کے گھر کے باہر سب سے زیادہ جشن دیکھنے میں آیا، پرستاروں کی سینکٹروں کی تعداد نے پاکستانی پرچم تھامے فتح کا خوب جشن منایا، آتش بازی کا مظاہرہ کیا اور ''پاکستان زندہ باد'' کے نعرے لگائے، لاہور میں اوپنر اظہر علی، مڈل آرڈر بیٹسمین بابر اعظم، محمد حفیظ اور فاسٹ بولر محمد عامر کے گھر جشن کا سماں رہا، میچ کے دوران کرکٹرز کے اہلخانہ دن بھر ٹی وی کے سامنے بیٹھے رہے اور قومی ٹیم کی کامیابی کے لئے دعائیں مانگتے رہے۔

اس خبر کو بھی پڑھیں :بھارت کو دھول چٹا کر پاکستان کرکٹ کا چیمپئن بن گیا

قومی کرکٹرز کے اہلخانہ نے قومی ٹیم کی کامیابی کا سہرا کھلاڑیوں کی مشترکہ کوششوں کو قرار دیتے ہوئے کہا کہ قومی ٹیم نے بھارت کے خلاف فائنل میں فتح سمیٹ کر ہمیں عید سے پہلے عید کا تحفہ دیا ہے، مقابلوں کے دوران کھلاڑیوں کی جتنی بھی تعریف کی جائے وہ کم ہے، بابر اعظم کے والد کا کہنا تھا کہ چیمپئنز ٹرافی کے مقابلوں کے دوران بابر مجھ سے مسلسل رابطے میں رہا، خوشی ہے کہ وہ اہم میچ میں بھارت کے خلاف عمدہ بیٹنگ کا مظاہرہ کرنے میں کامیاب رہا۔ اظہر علی سمیت دوسرے کرکٹرز کے اہلخانہ کا کہنا تھا کہ ہمارا دل گواہی دیتا تھا کہ رمضان المبارک میں قومی ٹیم چیمپئنز ٹرافی کا ٹائٹل ضرور حاصل کرنے میں کامیاب رہے گی، شکر ہے کہ اللہ نے ہماری دعائیں سن لیں اور گرین شرٹس تاریخ میں پہلی بار ٹرافی جیتنے میں کامیاب رہے۔

اس خبر کو بھی پڑھیں :فخرزمان چیمپئنز ٹرافی میں سنچری بنانے والے تیسرے پاکستانی بیٹسمین

مردان میں سنچری بنانے والے اوپنر فخر زمان کے گھر کے باہر شائقین نے بھنگڑے ڈالے، مٹھائیاں تقسیم کی گئیں اور ہوائی فائرنگ بھی کی گئی، فخر زمان کے بھائی نے کہا کہ وہ صرف ہمارے نہیں پورے پاکستان کے لیے فخرہیں، کامیابی پوری قوم کی دعاﺅں کا نتیجہ ہے۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں