قوم خوشی سے سرشار ملک گیر جشن بھارت میں سوگ

منچلے قومی پرچم اٹھائے سڑکوں پر آگئے، گلی محلوں میں بھنگڑے، آتشبازی، ہوائی فائرنگ، مٹھائیاں تقسیم


کراچی میں کپتان سرفرازکے گھرکے باہر لوگوں کا تانتا بندھ گیا، بھائیوں کو کاندھوں پر اٹھالیا۔ فوٹو: فائل

آئی سی سی چیمپئنز ٹرافی کے فائنل میں روایتی حریف بھارت کو دھول چٹانے پرملک بھر میں تاریخی جشن منایاگیا۔

گزشتہ روز تعطیل اورشدید گرمی کی وجہ سے سڑ کوں پر ٹریفک کی روانی کم رہی اوررمضان بازار اور مارکیٹیں بھی سنسان رہیں، لوگوں نے گھروں میں ٹی وی پر میچ دیکھنے کے لیے خصوصی انتظامات کیے، سنسنی خیز فائنل کو براہ راست دکھانے کے لیے کئی شہروں میں بڑی سکرینیں بھی نصب کی گئیں تھیں جبکہ شائقین کے لییافطار کا خصوصی اہتمام بھی کیا گیا۔

لاہورمیں پاکستانی ٹیم کے چیمپئین بننے پر لاہوری خوشی سے جھوم اٹھے، گلی محلوں اور سڑکوں پر متوالوں نے بھنگڑے ڈالے اور فتح کوکرکٹ ٹیم کی طرف سے قوم کوعید کاتحفہ قراردیا، لبرٹی چوک، مال روڈ، فیروز پورروڈ، ڈیفنس، اندرون شہر، ٹاؤن شپ، مغل پورہ، دھرم پورہ ،شمالی چھا ؤنی، ایم ایم عالم روڈ، گلبرک، جیل روڈاوردیگر علاقوں میں جشن کے باعث ٹریفک جام رہی، راولپنڈی میںمنچلے موٹر سائیکلوںکی بفل نکال کر سڑکوں پر نکل آئے اور خوب ہلہ گلہ کیا، مختلف علاقوں میںکرکٹ ٹیم کے کھلاڑیوں کی تصاویرآویزاں کرکے ان پر گلپاشی کی گئی، ملتان، ڈیرہ غازیخان، بھکر، میانوالی میں بھی شائقین نے نذرونیاز بانٹی، کئی علاقوں میںہوائی فائرنگ بھی کی گئی، سرگودھا میںدکانوں پر مٹھائیاں ختم ہو گئیں، ایکسپریس آفس میں بھی مٹھائی تقسیم کی گئی۔

سندھ میں کراچی، حیدر آباد، سانگھڑ، شاہ پور چاکر، میرپورخاص، ڈگری، جھڈو، مٹھی، نوابشاہ، کوٹری، ٹنڈوالہیار، ٹنڈوجام مختلف شہروں میں نوجوانوں نے ایک دوسرے کو مٹھائیاں کھلائیں اور قومی نغموں پر رقص کیا، کراچی میں لوگ والہانہ طور پر سڑکوں پر نکل آئے اور پاکستان زندہ باد کے نعرے لگائے، کپتان سرفراز احمد کے گھر کے باہر لوگوں کا تانتا بندھگیا، مداحوں نے سرفراز احمد کے بھائیوں کو مبارکباد پیش کرتے ہوئے کاندھوں پر اٹھالیا اورمٹھائی تقسیم کی۔

خیبر پختونخوا میں پشاور، داروڑہ، بونیر، کوہاٹ، مردان، صوابی، نوشہرہ، دیر بالا، ایبٹ آباد سمیت دیگر علاقوں میں جشن منایا گیا اورجگہ جگہ آتش بازی ہوئی، کئی شہروں میں ہوائی فائرنگ بھی ہوئی، ہوائی فائرنگ سے پشاورمیں دو جبکہ دیگراضلاع چار افرادزخمی ہوئے، پشاور میں قیوم اسٹیڈیم، حیات آباد، ناردرن بائی پاس، خزانہ شوگر، سیٹھی ٹاؤن اور رنگ روڈ کے علاوہ دیگر علاقوں میں بڑی بڑی سکرینیں لگا کر میچ دیکھا گیا، کوئٹہ، دالبندین ، کوہلو، کچلاک، پشین، خضدار، حب اورچمن سمیت بلوچستان بھر میں شائقین بھارت کے خلاف شاندار فتح پر ٹولیوں کی شکل میں سڑکوں پر نکل آئے اورپاکستان زندہ باد کے نعرے لگائے۔

شائقین کرکٹ نے کہا پاکستان نے میچ جیت کر نہ صرف قوم کا سر فخر سے بلند کیا بلکہ قوم کو عیدکا تحفہ بھی دیا ہے، قومی ٹیم کی جیت نے ثابت کر دیا کہ وہ دنیا میں کسی سے بھی کم نہیں ہیں، اگر پاکستانی صدق دل سے محنت کریںتو وہ کسی بھی شعبے میں دنیا کو مات دے سکتے ہیں، ٹیم نے بھارتی کرکٹ ٹیم کو تمام شعبوں میں ناک آؤٹ کیا، ٹیم کی وطن واپسی پر بھرپور استقبال کریںگے، مقبوضہ کشمیر میں پاکستان کی فتح پرسرینگر اور دیگر تمام چھوٹے بڑے شہروں، قصبوں میں ہزاروں کشمیریوں نے سڑکوں پر نکل کر بھرپور جشن منایا، فضائیں پاکستان زندہ باد، آزادی کے حق اور بھارت کیخلاف نعروں سے گونج اٹھیں۔

ادھر کشمیر میڈیا سروس کے مطابق قابض انتظامیہ کی پابندیوں کے باوجود کشمیریوں نے پاکستان کی جیت کا بھرپور جشن منایا اور آتش بازی بھی کی، بھارتی فوج نے پاکستان کی جیت کا جشن منانے والے کشمیریوں پر دھاوا بول دیا اور لاٹھی چارج کرتے ہوئے کشمیری نوجوانوں کو تشدد کا نشانہ بنایا، بھارتی فوجیوں نے ہوائی فائرنگ اور توڑ پھوڑ بھی کی مقبوضہ وادی میں کرفیو نافذ کرکے انٹرنیٹ سروس بھی بند کر دی۔

دوسری جانب چیمپئنز ٹرافی کے فائنل میں پاکستان کے ہاتھوں عبرتناک شکست کے بعد بھارت میں سوگ کی کیفیت رہی، نئی دہلی اور ممبئی سمیت مختلف شہروں میں لوگوں میں غم وغصے کی لہر دوڑگئی، خواتین دھاڑیں مارکر روتی رہیں، شکست سے دلبرداشتہ کئی مایوس بھارتیوں نے اپنے ٹی وی توڑدیے اورناقص کارکردگی پرکپتان ویرات کوہلی کوکپتانی سے فارغ کرنے کا مطالبہ کردیا، کپتان ویرات کوہلی اور مہندرا سنگھ دھونی کے گھر کی سیکیورٹی سخت کردی گئی، بھارتی شائقین کو یقین نہیں آ رہا تھا کہ ان کے سورما اس بری طرح پاکستانی شاہینوں کے ہاتھوں رسوا ہوںگے۔

 

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں