آج سے جمعرات کے دوران پری مون سون بارشوں کی پیش گوئی

ملک کے جنوبی علاقوں میں کم بارشیں متوقع، خشک سالی کا خدشہ ہے، محکمہ موسمیات

آئندہ 24گھنٹوں میں پنجاب کے کئی اضلاع میں آندھی اور گرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان۔ فوٹو: فائل

محکمہ موسمیات نے آج سے جمعرات کے دوران پنجاب، اسلام آباد، خیبرپختونخوا اور کشمیر کے مختلف علاقوں میں پری مون سون بارشوں کی پیش گوئی کی ہے۔

آئندہ 24گھنٹوں کے دوران ملک کے بیشتر علاقوں میں موسم گرم اور خشک رہے گا تاہم لاہور، راولپنڈی، گوجرانوالہ، سرگودھا، فیصل آباد، ڈی جی خان، ملتان، بہاولپور، ساہیوال ، ڈی آئی خان، مالاکنڈ، ہزارہ، پشاور، مردان، کوہاٹ ڈویژن، فاٹا، اسلام آباد، گلگت بلتستان اور کشمیر میں کہیں کہیں پر تیز ہواؤں، آندھی اورگرج چمک کیساتھ بارش ، سندھ کے ساحلی علاقوں میں بعض مقامات پر گرج چمک کیساتھ ہلکی بارش اور بوندا باندی کا امکان ہے۔


دوسری جانب صوبائی دارالحکومت لاہور سمیت ملک کے بیشتر علاقوں میں ٹھنڈی ہواؤں کے ساتھ ہلکی پھلکی بارش کا سلسلہ اتوار کے روز بھی جاری رہا جس کے باعث گرمی کی شدت کم ہوگئی ، گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران ملک کے بیشتر علاقوں میں موسم گرم اور خشک رہا تاہم لاہور، گوجرانوالہ، بہاولپور،کوئٹہ اور ژوب ڈویژن میں چند مقامات پر تیزہواؤں اورگرج چمک کیساتھ بارش ہوئی۔

اتوار کے روز ریکارڈ کیے گئے گرم ترین مقامات کے درجہ حرارت کے مطابق نوکنڈی میں 49 ، دالبندین 48 ، سبی47، شہید بینظیر آباد 46اور دادو میں 45 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا، دریں اثنا محکمہ موسمیات نے کہا ہے کہ جولائی کے مہینے میں مون سون کی بارشیں معمول کے مطابق ہونگی تاہم اگست اور ستمبر میں صورتحال کچھ غیر معمولی ہوسکتی ہے جبکہ ملک کے جنوبی علاقوں میں مون سون کی کم بارشوں کی وجہ سے خشک سالی جیسی صورتحال پیدا ہوسکتی ہے۔

 
Load Next Story