عید ہے سر پر تیاری ابھی سے کرلیں

 مختلف امور پیشگی نمٹالینے سے تہوار کے روز دباؤ کم ہوجائے گا


Munira Adil June 19, 2017
 مختلف امور پیشگی نمٹالینے سے تہوار کے روز دباؤ کم ہوجائے گا۔ فوٹو: نیٹ

عید کی آمد آمد ہے۔ خواتین حتیٰ الامکان کوشش کرتی ہیں کہ عید سے قبل ان کے کام مکمل ہوجائیں۔ لیکن بسا اوقات کام کو ٹالنے کی عادت اور یہ سوچ کہ ''بہت وقت پڑا ہے'' کام بڑھاتی چلی جاتی ہے۔ اگر تھوڑی سی سمجھ داری سے کام لیا جائے تو تمام کام وقت مقررہ پر مکمل ہوجائیں گے۔ اور عید کے موقع پر آپ کاموں کے بوجھ سے آزاد، تازہ دم اور خوش باش ہوں گی۔ لیکن اس کے لیے آج ہی سے منصوبہ بندی کرنی ہوگی۔

ترجیحات کے لحاظ سے تمام کاموں کی فہرست بنائیے۔ یعنی سب سے زیادہ ضروری کام کو فہرست میں سب سے اوپر جگہ دیں۔ کاموں کی تکمیل کا دورانیہ بھی اندازاً تحریر کریں۔ روزمرہ کے کاموں کے ساتھ عید کی تیاری کے لیے بھی کچھ وقت مختص کریں۔ معمول کے تمام امور کا ایک شیڈول تحریر کرلیا جائے اور ساتھ ساتھ ہر کام وقت بھی درج ہو تو اس سے بروقت کاموں کی تکمیل میں مدد ملتی ہے۔

کاموں کا شیڈول ترتیب دینے اور پھر اس کی مناسبت سے کام کرنے کا ایک فائدہ یہ ہوتا ہے کہ یک سوئی سے عبادت کے لیے خاصا وقت مل جاتا ہے۔ ان مبارک دنوں اور راتوں میں رب کی رضا کے حصول کے لیے کوشاں رہنا چاہیے۔ شب بیداری کے لیے افطار کے بعد کچھ دیر آرام کرلیا جائے تو خشوع و خضوع سے عبادت کی جاسکتی ہے۔

دن کے اوقات میں عید کی حتیٰ الامکان تیاری کرلی جائے مثلاً عید کے ملبوسات استری کرلیے جائیں۔ عیدی کے لفافے تیار ہو جائیں۔ عید پر دینے والے تحائف بھی تیار کرلیے جائیں۔ ملازمین کو عید کے تحائف یا ملبوسات یا نقد رقم دینی ہو تو عید سے چند دن قبل دے دیں۔

گھر کی صفائی ایک ساتھ کرنے کے بجائے کوشش کریں روزانہ ایک یا دو کمروں کی صفائی کرلیں اس طرح روزے کی حالت میں تھکاوٹ سے بچ جائیں گی۔ اگر ملازمہ سے گھر کی صفائی کرانی ہے تو بھی اسی طرح کریں۔ اس پر کام کا بوجھ نہ لادیں۔ اسی طرح کمروں میں پردے وغیرہ لگائیں یا آرائشی اشیا وغیرہ بھی سیٹ کرتی جائیں تاکہ چاند رات کو صرف جھاڑ پونچھ کر عید کی صبح صفائی کا کوئی کام نہیں کرنا پڑے گا۔

عید کے موقع پر مہمان داری اور دعوتوں کے اہتمام کے لیے درکار اشیائے خور ونوش کی فہرست تیار کرلیں اور عید سے چند دن قبل خریداری مکمل کرلیں۔ اگر گھر میں کیک یا مٹھائی بنانا چاہتی ہیں تو اس کے لیے درکار اشیا بھی خرید لیں۔ کوشش کریں کہ کچھ تیاری پیشگی کرکے رکھیں۔ مثلاً پیاز بھون لیں۔ مسالے اور چٹنیاں پیس کر رکھ لیں۔ کباب بناکر رکھ لیں۔ مرغی یا مچھلی تلی ہوئی بنانی ہو تو مسالا لگا کر فریز کرلیں تاکہ مہمانوں کی آمد سے کچھ دیر قبل نکال کر بنائی جاسکیں۔

گرمیوں کا موسم ہے اس لحاظ سے آئس کریم پسندیدہ میٹھا ہے۔ آئس کریم یا قلفی بناکر جمائی جاسکتی ہے۔ موسم کے پھلوں کی مناسبت سے آم کی آئس کریم یا آم کی قلفی بے حد پسند کی جائے گی۔ لیکن فریج میں کچھ بھی جمانے یا رکھنے سے پہلے اسے صاف ضرور کرلیں۔ بیشتر گھروں میں رمضان المبارک کی آمد سے قبل ہی اس ماہ مبارک کے دوران استعمال کے لیے مختلف پکوان بناکر فریز کر دیے گئے ہوتے ہیں لہٰذا عید سے قبل فریج کی صفائی بے حد ضروری ہے۔

اکثر گھرانوں میں بچوں کی روزہ کشائی آخری عشرے میں کی جاتی ہے۔ جمعۃ الوداع یا کسی اور دن روزہ کشائی رکھی جاتی ہے۔ لہٰذا اگر بچے کی روزہ کشائی ہے تو اس کے لیے بھی منصوبہ بندی کے تحت تمام تیاری کریں۔ تاکہ تمام انتظام بروقت اور بہترین ہو۔ البتہ محض مہمانوں کو مدعو کرنے یا پکوان بنانے پر ہی توجہ مرکوز نہ کی جائے بلکہ بچے کو روزے کی اصل روح سے آگاہ کیا جائے۔ گھر کے تمام بچوں کو ذکر الٰہی کی عادت ڈالیں۔ چلتے پھرتے، کام کاج یا کھیل کود کے دوران زبان ذکر الٰہی میں مصروف رہے۔ نماز عصر سے نماز مغرب کے دوران بچوں کو نفلی اعتکاف میں بٹھائیں۔ اس طرح بڑے ہوکر وہ اعتکاف کرنے لگیں گے۔

اکثر افراد زکوٰۃ کی ادائیگی ماہ رمضان میں کرتے ہیں۔ اگر مصروفیت کے باعث تاحال زکوٰۃ کی ادائیگی نہیں کرسکے یا ضرورت مندوں تک نہیں پہنچا سکے تو جلد کرلیں تاکہ عید کے موقع پر ہر شخص اپنے اہل خانہ کے ہمراہ عید کی سچی خوشی منا سکے۔ صدقہ فطر کے لفافے بھی بنالیں اور عید سے قبل اس کی ادائیگی کردیں۔

عید کے موقع پر اکثر گھرانوں میں یا حلقہ احباب میں دعوتوں پر مدعو کیا جاتا ہے۔ اگر آپ بھی عید کے موقع پر کہیں مدعو ہیں اور ان کے لیے کوئی تحفہ لے جانا چاہتی ہیں تو ابھی سے بناکر پیک کرکے رکھ لیں۔ البتہ اگر کیک یا کوئی اور میٹھا بنانا چاہتی ہیں تو ایک دن قبل بنالیں اور دوسرے دن کیک پر آئسنگ کریں۔ اگر سہیلیوں کی جانب سے عید کی دعوت ہے تو کانچ کی چوڑیوں کا تحفہ دیا جاسکتا ہے۔کانچ کی چوڑیوں کو آپس میں گلو کی مدد سے چپکا کر ایک طرف گتا چپکا دیں اور چوڑیوں پر ربن یا موتی چپکا دیں۔

سنگھار میز پر یہ چوڑیوں کا تحفہ بے حد خوبصورت لگے گا۔ اس میں میک اپ کے برشز یا کنگھی وغیرہ رکھ سکتی ہیں یا مصنوعی پھول اس میں سجا کر اس کو گلدان بھی بنایا جاسکتا ہے۔ یہ خوبصورت اور منفرد تحفہ ہمیشہ آپ کی سہیلی کو آپ کی محبت کی یاد دلاتا رہے گا۔

 

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں