ریشم جیسے کومل ہاتھ۔

گھریلو نسخوں کے استعمال سے بھدے ہاتھوں کو خوب صورت اور ملائم بنائیے


سحرش پرویز June 19, 2017
گھریلو نسخوں کے استعمال سے بھدے ہاتھوں کو خوب صورت اور ملائم بنائیے۔ فوٹو: نیٹ

ISLAMABAD: چہرے کی دیکھ بھال کرتے کرتے اکثر خواتین ہاتھوں کو نظرانداز کردیتی ہیں حالاں کہ یہ بھی اتنی ہی توجہ کے متقاضی ہوتے ہیں۔

خواتین اپنے چہرے کی خوب صورتی کے لیے تو کلینزنگ اور فیشل سمیت طرح طرح کے طریقے اور نسخے استعمال کرتی ہیں لیکن ہاتھوں پر توجہ نہیں دیتیں، حالاں کہ ریشم جیسے نرم و ملائم اور کومل ہاتھ بھی شخصی خوب صورتی بڑھانے میں اہم کردار ادا کرتے ہیں۔ چہرہ حسین مگر ہاتھ بھدے ہوں تو ایک طرح سے خوب صورتی کو گہن لگ جاتا ہے۔ ہاتھوں کو ملائم بنانے اور رنگت نکھارنے کے لیے چند گھریلو نسخے ذیل کی سطور میں دیے جارہے ہیں:

لیموں کا رس اور دودھ

لیموں اور دودھ تو ہرگھر میں موجود ہوتا ہے ۔ تھوڑا سا دودھ ابالیں اور اسے ٹھنڈا ہونے کے لیے چھوڑ دیں۔ دودھ ٹھنڈا ہو جائے تو اس میں چند قطرے گلیسرین اور تھوڑا سا لیموں کا رس شامل کرلیں۔ پھر تھوڑی مقدار میں ہاتھوں پر لگا کے ہلکے ہلکے سے مساج کریں۔ چند ہی روز کے استعمال سے ہاتھ نرم و ملائم ہو جائیں گے ۔

دلیے کا ماسک

دلیا آپ کی جلد کے لیے بہت مفید ہے۔ یہ جلد کو ملائم کرتا ہے۔ اس کا ماسک لگانے سے جلد نرم و ملائم ہونے کے ساتھ اس پر پڑے ہوئے داغ دھبے بھی دور ہوجاتے ہیں۔ ماسک بنانے کے لیے زیتون کا تیل ، دلیا اور گلیسرین لیں۔ ان تینوںکو بلینڈرمیں بلینڈ کر کے اپنے ہاتھوں پہ لگائیں۔ نصف گھنٹے کے بعد نیم گرم پانی سے دھولیں۔ ایک ہی ہفتے میں ہاتھ ریشم جیسے نرم اور جلد صاف ہوجائے گی۔

مکھن

مکھن کا استعمال ناشتے میں تو ضرور ہوتا ہے لیکن آپ اسے ہاتھوں کے لیے بھی استعمال کر سکتی ہیں ۔ باورچی خانے میں کام کرتے ہوئے یا فارغ وقت میں آپ ہاتھوں مل لیں۔ مگر خیال رہے کہ مکھن خالص ہو۔

ناریل کا تیل

ناریل کا تیل بالوں کے ساتھ ساتھ ہاتھوںکی خوب صورتی بڑھانے میں بھی مفید ہوتا ہے۔ رات سونے سے پہلے تیل کے قطرے اپنے ہاتھوں پر گرا کر مساج کرلیں۔صبح تک ہاتھ نرم و ملائم ہو جائیں گے ۔

زیتون کا تیل

زیتون کے تیل کا استعمال عام طور پرکھانوں میں ہی ہوتا ہے ۔لیکن آپ اپنے ہاتھوں کو ملائم بنانے کے لیے بھی اس کا استعمال کر سکتی ہیں۔ زیتون کا تیل تھوڑی سی مقدار میں ہاتھوں پر لگائیں اور مساج کریں۔ دس منٹ کے بعد نیم گرم پانی سے دھو لیں۔ چند روز کے استعمال سے ہاتھ خوب صورت نظر دکھائی دینے لگیں گے۔

شہد،آلو اور دودھ

شہد ایک بہترین موسچرائزر ہے ۔دو عدد آلو ابال کر کچل لیں۔ اس میں تین چمچے شہد اور تین چمچے دودھ ڈال کر اچھی طرح حل کرلیں۔ اب یہ آمیزہ ہاتھوں پر لگائیں۔ پندرہ بیس منٹ کے بعد نیم گرم پانی سے دھولیں۔ چند روز کے استعمال سے آپ خود واضح فرق محسوس کریں گی۔ یہ نسخہ پھٹی ایڑیوں کے لیے بھی مفید ہے۔

 

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں