پیرس میں پولیس پر حملے کی کوشش حملہ آور ہلاک

جس کار کے ذریعے حملے کی کوشش کی گئی اس میں ہتھیار اور دھماکا خیز مواد موجود تھا،فرانسیسی وزیرداخلہ

جس کار کے ذریعے حملے کی کوشش کی گئی اس میں ہتھیار اور دھماکا خیز مواد موجود تھا،فرانسیسی وزیرداخلہ— فوٹو اے پی

برطانیہ کے دارالحکومت لندن کے بعد پیرس میں بھی کار کے ذریعے حملہ کرنے کا واقعہ پیش آیا تاہم فرانسیسی پولیس نے حملہ آور کو کسی کو نقصان پہنچانے سے پہلے ہی ہلاک کردیا۔

امریکی میڈیا کی رپورٹ کے مطابق پیرس کے معروف علاقے شانزے لیزے میں سفید رنگ کی کار نے پولیس وین کو ٹکر ماری جس کے بعد گاڑی میں آگ لگ گئی اور حملہ آور بھی اس آگ میں بری طرح جھلس گیا، پولیس نے 31 سالہ حملہ آور کو اپنی تحویل میں لے لیا جس کے پاس مبینہ طور پر اسلحہ موجود تھا تاہم یہ بھی کہا جارہا ہے کہ بعد ازاں حملہ آور ہلاک ہوگیا۔

واقعے کی تفصیلات بتاتے ہوئے فرانس کے وزیر داخلہ گیرارڈ کولمب نے کہا کہ شانزے لیزے میں جس کار کے ذریعے حملے کی کوشش کی گئی اس میں اتنا ہتھیار اور دھماکا خیز مواد موجود تھا جو گاڑی کو دھماکے سے اڑانے کے لیے کافی تھا۔ پیرس کے پراسیکیوٹر آفس کی جانب سے جاری بیان کے مطابق اس واقعے کی تحقیقات شروع کردی گئی ہیں جس میں دہشت گردی کے پہلو کو بھی شامل کیا گیا ہے۔


عینی شاہدین کے مطابق مقامی وقت کے مطابق 3 بجکر 40 منٹ پر سفید رنگ کی گاڑی نے پولیس وین کو جان بوجھ کر ٹکر ماری جس کے بعد گاڑی میں آگ لگ گئی اور ایک شخص زمین پر گرا ہوا نظر آیا جب کہ 20 کے قریب پولیس کی گاڑیاں علاقے کو گھیرے میں لی ہوئی تھیں۔

فرانس میں چار ماہ کے دوران یہ پانچواں موقع ہے جب سیکیورٹی فورسز کو نشانہ بنایا گیا، گزشتہ ماہ ایک شخص نے پولیس افسر پر ہتھوڑے سے حملہ کردیا تھا اور کہا تھا کہ یہ شام کے لیے ہے تاہم پولیس افسر کی جان بچ گئی تھی۔

واضح رہے کہ گزشتہ روز لندن میں بھی ایک کار حملہ آور نے نماز تراویح پڑھ کر آنے والے مسلمانوں پر گاڑی چڑھادی تھی جس کے نتیجے میں ایک شخص جاں بحق اور متعدد زخمی ہوگئے تھے۔
Load Next Story