کراچی میں بھی میٹرو بس پروجیکٹ بنائیں گے شہباز شریف

لاہور میں 30 ارب لاگت آئی، زرداری کے حواری میٹرو پروجیکٹ پر 100ارب لگا دیتے


Monitoring Desk February 01, 2013
کارگل پر تحقیقاتی کمیشن بننا چاہیے،پروگرام ’کل تک‘ میں جاوید چوہدری سے گفتگو۔ فوٹو: فائل

وزیراعلیٰ شہبازشریف نے کہا ہے کہ ریپڈ بس ٹرانسپورٹ منصوبے پر30ارب روپے کی لاگت آئی ہے جو ناقدین کہتے ہیں کہ90یا70ارب روپے خرچ آئے ہیں۔

ان کی سوچ پر افسوس کے سوا اور کچھ نہیں کہاجاسکتا، ہاں اگر یہ منصوبہ صدر زرداری یا ان کے حواری بناتے تو پھر اس کی لاگت100 ارب تک چلی جانی تھی اور منصوبہ بھی ادھورا ہی رہتا۔ ایکسپریس نیوز کے پروگرام ''کل تک'' میں اینکر پرسن جاوید چوہدری سے گفتگو میں انھوں نے کہاکہ پاکستان میں پہلی مرتبہ ایک جدید دور کا جدید سہولتوں سے آراستہ ماڈرن اور مربوط سفری منصوبہ ترتیب دیا گیا ہے جس میں سفر کرنے والا ہر طبقہ وقت پر اپنی منزل پر پہنچ سکے گا۔ یہ منصوبہ ایک سسٹم ہے جس کی اپنی سکیورٹی ہوگی جس کا عام پولیس سے کوئی تعلق نہیں ہوگا۔

10روپے کا ٹکٹ ہوگا جس میں 27کلومیٹر تک کا سفر کیا جاسکے گا۔ ماہرین کا کہنا ہے کہ اس سسٹم کے تحت45بسیں ہیں جس کیلیے ترکی کی کمپنی نے سرمایہ کاری کی ہے، یہ بہترین ائیرکنڈیشنڈ بسیں ہیں، ہر بس میں ایک وقت میں185افراد سفر کرسکیں گے، ہرروز30ہزار افراد سفر کرسکیں گے جبکہ اس کی مجموعی گنجائش ایک لاکھ 12ہزار500 مسافرہے۔ یہ بس سروس صبح6سے رات 10بجے تک چلے گی، سارے ٹریک کو ہر روز چیک کیا جائیگا۔ منصوبے کو حکومت پنجاب نہیں بلکہ پرائیویٹ کمپنیاں چلائیںگی،500سے زیادہ ڈگری ہولڈرز کو ملازمتیںملیں گی ۔

8

 

انشااللہ اگلا بس سروس کا منصوبہ راولپنڈی میں بنائیںگے۔ اگر انتخابات کے بعد حکومت بنانے کا موقع ملا تو ایسا ہی ایک منصوبہ کراچی میں بنائینگے، وہاں پر ایسے منصوبے کی بہت اشد ضرورت ہے۔ زرداری نے 5سال ضائع کردیے اربوں روپے کا نقصان کیا لیکن غریب عوام کیلیے کوئی سفری سہولت نہیں دی۔ اس سارے منصوبے میں کسی قسم کی حکومتی سطح پر کرپشن ہوئی ہو تو میں اس کا ذمہ دار ہوں، کو ئی بھی اس منصوبے پرانگلی نہیں اٹھاسکتا۔ جو کہتا ہے کہ اس منصوبے میں سریا اور جنگلہ ہماری فیکٹری سے آیا ہے تو میں بتادوں کہ ہماری فیکٹری دس سال سے بند ہے۔

ایک سوال پر انھوں نے کہا کہ جنرل پرویز مشرف غلط بیانی سے کام لے رہے ہیں، تاریخ ان کو پاکستان کی تباہی کے ذمہ دارکی حیثیت سے یاد رکھے گی، خودکش حملوں اور پاکستان کو دہشتگردی میں جھونکنے والے مشرف ہی ہیں، کارگل کی جنگ میں ان کیوجہ سے پاکستان دنیا سے الگ تھلگ ہوگیا تھا۔ نوازشریف نے پاک فوج کو محفوظ طریقے سے اس ایشو سے باہر نکالا ۔ کارگل پر تحقیقاتی کمشن بننا چاہیئے۔ جتنی جلدی الیکشن ہوجائیں اتنا ہی پاکستان کیلیے مفید ہونگے، میری رائے ہے کہ ملک میں تمام اسمبلیاں ایک ہی وقت میں تحلیل ہوں اور ایک ہی دن میں قومی وصوبائی الیکشن ہوجانے چاہئیں۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں