گوجرانوالہ میں حسن علی کے استقبال کی تیاریاں مکمل

گھر میں پیسر کے پسندیدہ کھانوں کی تیاری، اہل خانہ گاڑی تحفے میں دیں گے

گھر میں پیسر کے پسندیدہ کھانوں کی تیاری، اہل خانہ گاڑی تحفے میں دیں گے۔ فوٹو : فائل

گوجرانوالہ میں چیمئپنز ٹرافی کے اسٹار بولر حسن علی کے استقبال کیلیے تیاریاں مکمل کرلی گئی ہیں۔

چیمپئنز ٹرافی میں 13 وکٹیں حاصل کرکے سب سے کامیاب قرار پانے والے پیسر حسن علی کا گذشتہ روز ایک ویڈیو پیغام بھی جاری ہوا تھا جس میں حسن علی نے کہا تھا کہ گوجرانوالہ کے لوگو! میں آپ کا پیار دیکھنے کے لیے آرہا ہوں، میں چیمپئن بن کر اور پاکستان کی عزت بناکر آرہا ہوںآپ سے جلد ملاقات ہوگی۔


ادھر گوجرانوالہ کے شہریوں نے اسٹار کرکٹر کے شاندار اور تاریخی استقبال کیلیے تیاریاں مکمل کرلی ہیں، حسن علی آج عالم چوک پہنچیں گے جہاں ان کا استقبال کیا جائے گا اور بڑی ریلی کی شکل میں پہلے لدھیوالہ میں ان کی کرکٹ اکیڈمی اور اس کے بعد گھر لے جایا جائے گا۔

بتایا گیا ہے شاندار کامیابی پر گھر والوں کی طرف سے فاسٹ بولر کو خوبصورت گاڑی گفٹ کی جائیگی اور گھر میں حسن علی کے پسندیدہ کھانوں کی تیاری بھی شروع کر دی گئی ہے جس میں حسن علی کی پسندیدہ مسور کی دال، سفید چاول، دنبے کا گوشت، چکن مٹن کڑاہی کیساتھ رشین سلاد اور پائے بھی ہونگے۔

حسن علی کے بڑے بھائی عطا الرحمن نے ایکسپریس کو بتایا کہ جس طرح حسن علی نے چیمپئنز ٹرافی میں شاندار کارکردگی سے ملک کا نام روشن کیا ہے آج گوجرانوالہ کے شہری بھی حسن علی کا تاریخی استقبال کریں گے۔
Load Next Story