پرتگال میں جنگل کی آگ بے قابو 63 افراد ہلاک

اتوار کے روز پرتگال کے جنگل میں لگنے والی آگ پر اب تک قابو نہیں پایا جاسکا ہے جس سے ہلاکتوں میں اضافے کا خدشہ ہے


ویب ڈیسک June 20, 2017
اتوار کے روز پرتگال کے جنگل میں لگنے والی آگ پر اب تک قابو نہیں پایا جاسکا ہے جس سے ہلاکتوں میں اضافے کا خدشہ ہے۔ (فوٹو: ویب)

KARACHI: اتوار کے روز وسطی پرتگال کے علاقے پیدروگاؤ گراندے کے جنگل میں لگنے والی آگ پر اب تک قابو نہیں پایا جاسکا ہے جس کے نتیجے میں اب تک 63 افراد ہلاک ہوچکے ہیں جبکہ زخمی اور بے گھر ہونے والوں کی تعداد ہزاروں میں ہے۔

مقامی پولیس کے مطابق اتوار کے روز بجلی کے تار میں اسپارک کے باعث ایک خشک درخت نے آگ پکڑ لی جو دیکھتے ہی دیکھتے آس پاس کی آبادی اور گھنے جنگل تک پھیل گئی۔

آگ کا پھیلاؤ اتنا تیز تھا کہ علاقے سے فرار ہونے کی کوشش کرنے والے کئی لوگ اپنی گاڑیوں ہی میں پھنس جانے کے بعد جھلس کر ہلاک ہوگئے۔ اس واقعے پر گہرے دکھ کا اظہار کرتے ہوئے پرتگالی وزیراعظم انتونیو کوستا نے کہا کہ یہ آگ اس قدر شدید تھی کہ انہیں اپنے ہوش و حواس میں ایسا درد ناک انسانی المیہ یاد نہیں۔

آگ کی شدت کے پیش نظر آس پاس کے علاقوں سے فائر بریگیڈ کی درجنوں مزید گاڑیاں اور خصوصی ہیلی کاپٹرز بھی طلب کرلیے گئے ہیں جو وہاں کارروائیوں میں مصروف ہیں لیکن آگ اتنی شدید ہے کہ اب تک قابو میں نہیں آسکی ہے اسی لیے اب زیادہ توجہ امدادی کارروائیوں پر دی جارہی ہے۔ البتہ مقامی اداروں کا کہنا ہے کہ جنگل کی آگ سے ہلاک ہونے والوں کی تعداد میں مزید اضافہ ہوسکتا ہے جبکہ زخمیوں، بے گھروں اور ہلاک شدگان کی درست تعداد اسی وقت بتائی جاسکے گی جب یہ آگ بجھ جائے اور امدادی کارروائیاں بھی مکمل ہوجائیں۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں