پاکستان اسٹاک ایکسچینج میں شدید مندی

پی ایس ایکس ہنڈریڈ انڈیکس 45 ہزار کی نفسیاتی حد سے نیچے آگیا

ہنڈریڈ انڈیکس میں گزشتہ روز بھی 261 سے زائد پوائنٹس کی کمی ہوئی تھی فوٹو: فائل

پاکستان اسٹاک ایکسچینج میں شدید مندی کا رجحان ہے اور ایک وقت میں ہنڈریڈ انڈیکس میں ایک ہزار648 پوائنٹس کی کمی دیکھی گئی ہے۔

منگل کے روزکاروباری سرگرمیوں کا آغاز ہوا تو ہنڈریڈ انڈیکس 46 ہزار 593 پوائنٹس پر موجود تھا، دن کے آغاز پر سرمایہ کاروں کی جانب سے خریداری کا رجحان دیکھا گیا اور انڈیکس 184 پوائنٹس اضافے کے بعد 46 ہزار 777 پوائنٹس پرجا پہنچا لیکن اس کے بعد حصص بازار میں فروخت کا عنصرنمایاں ہوا اور انڈیکس بتدریج گرتا چلا گیا۔


کاروبار کے دوران پی ایس ایکس ہنڈریڈ انڈیکس ایک ہزار 770 سے زائد پوائنٹس کی کمی کے بعد 44 ہزار 823 کی نفسیاتی حد سے نیچے آگیا تاہم کاروبار کے اختتام پر ہنڈریڈ انڈیکس ایک ہزار 678 پوائنٹس کی کمی کے بعد 44 ہزار 914 پر بند ہوا۔

منگل کے روز 390 کمپنیوں کے حصص کا لین دین ہوا جس میں سے 340 کمپنیوں کے شیئر کی قیمتوں میں کمی، 32 میں اضافہ جب کہ 19 کی قیمتوں میں استحکام رہا ۔

دوسری جانب کے ایس ای تھرٹی انڈیکس میں 926 جب کہ آل شیئرز انڈیکس میں ایک ہزار 13 پوائنٹس کی کمی ہوئی۔
Load Next Story