پاکستان کی مالی معاونت کو تیار ہیں ایشیائی انویسٹمنٹ بینک
اے آئی آئی بی پاکستان میں تربیلاڈیم اورموٹروے4 کیساتھ دوبڑے اہم منصوبے شروع کررہاہے
ایشیائی انفرااسٹرکچرانویسٹمنٹ بینک (اے آئی آئی بی) پاکستان میں جاری منصوبوں کیلیے اپنی حکمت عملی کے تحت مالی ضروریات پوری کرنے کیلئے ہرطرح سے تیارہے۔
اے آئی آئی بی پاکستان میں تربیلاڈیم کی توسیع اورموٹروے4 کیساتھ دوبڑے اہم منصوبے شروع کررہاہے اور منصوبوں کے سلسلہ میں کسی بھی قسم کی مالی ضروریات کو احسن انداز میں پوراکیاجارہاہے، معاہدے کے مطابق مستقبل میں بھی پاکستان کوہم معاہدے کی شرائط وضوابط کے تحت مالی خدمات دیتے رہیں گے۔ بینک کے نائب صدر جاؤچھم وان نے جنوبی کوریا میں ہونے والے دوسرے سالانہ اجلاس میں تفصیلات بتاتے ہوئے کہا بینک اورپاکستان کے درمیان مزیدمنصوبوں کی تعمیروتکمیل کیلیے مالی معاونت پر بات چیت جاری ہے جس کے اچھے نتائج نکلنے کی امیدہے۔
انھوں نے کہا ون بیلٹ ون روڈ منصوبہ کے تحت بننے والے ذیلی منصوبہ جات کیلیے ہمارابینک بلاجھجک مالی معاونت کرنے کے لیے تیار ہے۔ انھوں نے کہا بینک کو 18 ماہ میں 300 تحاریک موصول ہوئیں، 70 منظور اور 16 پر 2.5 بلین ڈالر سرمایہ کاری کی گئی، بینک آئندہ 15 برسوں میں مختلف منصوبوں پر90ٹریلین ڈالرکی سرمایہ کاری کریگا۔