پنجاب میں طوفانی بارشیں اورچھتیں گرنے سے 4 افراد جاں بحق

شورکوٹ میں ساس بہو، ڈی جی خان میں ڈیڑھ سالہ بچی ملبے تلے دب گئیں

سیکڑوں فیڈر ٹرپ، اوزمان میں ونڈ پاور پروجیکٹ کے ٹاورز زمین بوس،کاہا سلطان میں طغیانی سے فاضل پور کے نواحی علاقے متاثر فوٹو : فائل

مون سون کا سلسلہ لاہور، گوجرانوالہ، سیالکوٹ، مری سمیت ملک بھر میں شروع ہو گیا، ملتان، ڈیرہ غازی خان، جام پور سمیت جنوبی پنجاب کے مختلف علاقوں میں طوفانی بارش نے تباہی مچا دی' چھتیں' دیواریں گرنے سمیت مختلف حادثات میں 4 افراد جاں بحق جبکہ متعدد زخمی ہو گئے' بجلی کا نظام درہم برہم ہو گیا۔

تفصیلات کے مطابق لاہور میں دن بھر حبس جبکہ رات کے وقت موسلا دھار بارش سے موسم قدرے خوشگوار ہو گیا۔ پری مون سون بارشوں نے بجلی کے ترسیلی نظام میں اپ گریڈیشن کے دعوؤں کا بھی پول کھول دیا، سندھ جامشورو میں تیز ہواؤں سے مین ٹاور گر پڑے، لاہور سمیت پنجاب اور خیبر پختونخوا کے شہروں میں تیزہواؤں کےساتھ بارشوں نے لیسکو، میپکو اور دیگر کمپنیوں کے سیکڑوں فیڈرز ٹرپ کر دیے اور کئی گرڈز بھی بند ہو گئے بجلی کی ڈیمانڈ میں کمی سے لوڈ شیڈنگ کا دورانیہ تو کم ہو گیا لیکن ترسیلی نظام متاثر ہونے سے صارفین کیلئے بجلی کی بندش کا دورانیہ کم نہ ہو سکا بلکہ مزید بڑھ گیا۔


ملتان میں گزشتہ شام طوفانی بارش نے تباہی مچا دی' نشیبی علاقوں میں کئی کئی فٹ پانی جمع ہو گیا جس پر واسا نے ایمرجنسی نافذ کر دی، میپکو کا ترسیلی نظام بھی شدید متاثر ہوا، شہر کے مختلف علاقوں میں چھتیں گرنے سے10 افراد زخمی ہو گئے۔ میٹرو بس سروس کے تمام روٹ پر فلائی اوور سے بارش کا پانی گرتا رہا۔ ڈیرہ غازیخان کی بھٹہ کالونی میں چھت گرنے سے یوسف کی ڈیڑھ سالہ بیٹی جاں بحق ہو گئی جبکہ مختلف حادثات میں 38افراد زخمی ہوئے۔ تونسہ کے ٹرائبل ایریا تمن بزدار کے علاقے میں مراد مائی بھیڑ بکریاں چرا رہی تھی کہ اچانک آسمانی بجلی گرنے سے وہ موقع پر جاں بحق ہو گئی۔ کالا کالونی میں مدرسہ کی چھت گرنے سے6 بچے زخمی ہو گئے۔

شورکوٹ کے محلہ میدان والا میں گھر کی چھت گرنے سے نمائندہ ایکسپریس یونس کی ممانی شمیم بی بی اور ان کی بہو سندس ملبے تلے دب کر جاں بحق ہو گئیں۔ فاضل پور سے نامہ نگار کے مطابق کوہ سلیمان پر شدید بارش سے کاہا سلطان کے10ہزار کیوسک کے سیلابی ریلے نے فاضل پور کے نواحی علاقوں میں تباہی مچا دی' حفاظتی بند میں متعدد جگہوں پر شگاف پڑ گیا جس سے چک بہتات' چک سہرانی' چک شاہ پور اور چک احمدانی میں ہزاروں ایکڑ پر کاشتہ فصلیں تباہ ہوئیں۔ ضلع راجن پور کے قبائلی علاقہ اوزمان میں آسٹریلیا کے تعاون سے ونڈ پاور پراجیکٹ ہزار میگا واٹ کے ٹاورز زمین بوس ہو گئے۔ وہوا سے نمائندہ ایکسپریس کے مطابق کوہ سلیمان پر طوفانی بارش کے نتیجہ میں رودکوہی' وہوا میں طغیانی سے جانور سیلابی ریلے میں بہ گئے' رودکوہی وہوا میں طغیانی کیوجہ سے نزدیکی آبادیوں کو شدید خطرات لاحق ہیں۔ علاوہ ازیں محکمہ موسمیات کے مطابق گوجرانوالہ، سرگودھا، لاہور، فیصل آباد، ملتان، ڈی جی خان، بہاولپور، ساہیوال ڈویژن، اسلام آباد، کشمیر، خیبرپختونخوا، فاٹا، گلگت بلتستان، ژوب میں آج اور کل مزید بارش کا امکان ہے۔

Load Next Story