ورلڈ ہاکی لیگقسمت مہربانپاکستان کی کوارٹر فائنل میں رسائی

اسکاٹ لینڈ اور کینیڈا کے ڈرا میچ کے سبب گرین شرٹس نے ناک آؤٹ راؤنڈ میں جگہ بنالی


Sports Reporter June 21, 2017
اسکاٹ لینڈ اور کینیڈا کے ڈرا میچ کے سبب گرین شرٹس نے ناک آؤٹ راؤنڈ میں جگہ بنالی، نیدر لینڈز نے بھارت کو 3-1 سے شکست دی فوٹو : فائل

NAPIER: قومی ہاکی ٹیم پر قسمت مہربان ہو گئی، اسکاٹ لینڈ اور کینیڈا کے ڈرا میچ کے سبب ایف آئی ایچ ورلڈ لیگ کے کوارٹر فائنل میں رسائی حاصل کر لی۔

آخری گروپ میچ میں نیدر لینڈ نے بھارت کو 3-1 سے شکست کی ذلت سے دوچار کیا، فاتح ٹیم کے برنک مین، بارٹ سینڈر اور پروجیسر نے گول کیے۔ تفصیلات کے مطابق لندن میں جاری پاکستان ہاکی ٹیم نے ایف آئی ایچ ورلڈ لیگ سیمی فائنل مقابلوں میں ابتدائی3 ناکامیوں کے باوجود گرین شرٹس کی قسمت نے یاوری کی اور ایک فتح کے ساتھ ہی کوارٹر فائنل میں رسائی حاصل کر لی۔ ورلڈ کپ کوالیفائنگ راؤنڈ کے ابتدائی میچ میں پاکستان کو ہالینڈ کے ہاتھوں 4-0 سے شکست کا سامنا رہا، دوسرے میچ میں کینیڈا نے6-0 جبکہ تیسرے میچ میں بھارت نے بھی گرین شرٹس کو 7-1 سے زیر کیا۔ چوتھے میچ میں پاکستان نے اسکاٹ لینڈ کو 3-1 سے شکست دی تھی۔ پاکستان کو ایونٹ کے کوارٹر فائنل میں رسائی اور ورلڈ کپ کھیلنے کی امید برقرار رکھنے کیلیے اسکاٹ لینڈ کی کینیڈا سے شکست لازمی تھی، گزشتہ روز ورلڈ ہاکی لیگ میں گروپ مرحلے کے آخری روز اسکاٹ لینڈ اورکینیڈا کے درمیان پول بی کا مقابلہ برابر رہا، میچ ڈرا ہونے کا فائدہ پاکستان کو ہوا اور قومی ٹیم ایک ہی فتح کےساتھ کوارٹر فائنل میں پہنچ گئی۔

گروپ بی سے پاکستان کے ساتھ بھارت، نیڈرلینڈز اور کینیڈا نے بھی ٹاپ آٹھ ٹیموں میں جگہ بنا لی ہے۔ گزشتہ روز گروپ بی کے میچ میں اسکاٹ لینڈ اورکینیڈا کے درمیان مقابلہ 1-1 گول سے برابر رہا۔ 29 ویںمنٹ میں کینیڈا کی جانب سے جونسٹن جورڈن نے پنالٹی کارنر پر گول کرتے ہوئے ٹیم کو برتری دلائی، 42 ویں منٹ میں اسکاٹ لینڈ کی جانب سے مارشل وائلی نے پنالٹی کارنر پر گیند کو جال میں پہنچاتے ہوئے مقابلہ برابر کر دیا جس کے بعد کوئی ٹیم گول کرنے میں کامیاب نہ ہو سکی اور میچ 1-1 کی برابری پر اختتام پذیر ہوا۔ پول بی کے دوسرے میچ میں نیدر لینڈ نے بھارت کو 3-1 سے شکست دی، نیدرلینڈز نے کھیل کے آغاز سے ہی جارحانہ کھیل پیش کیا اور دوسرے منٹ میں برنک مین نے فیلڈ گول کرتے ہوئے ٹیم کو برتری دلائی، 12 ویں منٹ میں بارٹ سینڈر نے پنالٹی کارنر کو کارآمد بناتے ہوئے اسکور 2-0 کر دیا۔ 24 ویں منٹ میں پروجیسر مرکو نے ایک اور فیلڈ گول کرتے ہوئے ٹیم کی پوزیشن مزید مستحکم کر دی۔ 28 ویں منٹ میں بھارت کے آکاش دیپ سنگھ نے فیلڈ گول کرتے ہوئے ٹیم کا خسارہ کم کیا لیکن اس کے بعد بھارتی ٹیم بھرپورکوشش کے باوجود کوئی گول کرنے میں کامیاب نہ ہو سکی اور نیدر لینڈز نے مقابلہ 3-1 سے اپنے نام کر لیا۔ پاکستان ٹیم جمعرات کو کوارٹر فائنل کھیلے گی جبکہ مدمقابل ٹیم کا فیصلہ ابھی نہیں ہوا، سیمی فائنلز 24 جون جبکہ فیصلہ کن مقابلہ 25 جون کو کھیلا جائے گا۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں