بھارتی ہاکی پلیئرسردارسنگھ سے پولیس کی بازپرس

جنسی ہراساں کیس، ایشپال کو رکی شکایت پر یارکشائر پولیس کی پھرتیاں

کوالیفائر ایونٹ کے دوران کھلاڑی کی تھانے میں طلبی پر انڈین ٹیم مینجمنٹ کی سبکی فوٹو: فائل

NAPIER:
سابق بھارتی ہاکی کپتان سردار سنگھ پر جنسی ہراساں کیس میں یارکشائر پولیس نے 4 گھنٹے تک پوچھ گچھ کی، ہاکی انڈیا اور بھارتی ٹیم مینجمنٹ ورلڈ کپ کوالیفائر کے دوران اپنے کھلاڑی سے ہونے والی تفتیش پر ناراض دکھائی دی۔

اس کیس میں یہ دوسرا موقع ہے جب سردار سنگھ سے پولیس نے بازپرس کی ہے، لیڈز ڈسٹرکٹ پولیس ہیڈ کوارٹر میں سردار سنگھ بھارتی ٹیک مینیجر کم اسسٹنٹ کوچ جگراج سنگھ کے ہمراہ پہنچے تھے۔


انگلینڈ کی بھارتی نژاد سابق انٹرنیشنل خاتون پلیئر ایشپال کور نے بھارتی کھلاڑی پر الزام عائد کیا تھا کہ انھوں نے ان سے شادی کا وعدہ کرکے ان کی زندگی برباد کردی، تاہم اس معاملے سردار سنگھ کہانی کا دوسرا رخ بیان کرتے ہیں، سردار سنگھ نے چار گھنٹے طویل پوچھ گچھ میں اپنے موقف کا اعادہ کیا، واضح رہے کہ بھارتی ٹیم کو منگل کی شب ورلڈ کپ کوالیفائر میں نیدرلینڈز کیخلاف میچ کھیلنا تھا لیکن اس سے قبل سردار سنگھ کو پولیس نے سوال جواب کیلیے طلب کرلیا تھا، یہ دوسرا موقع ہے جب پولیس نے کسی ایونٹ کے دوران سردار سنگھ کو دوسری بار طلب کیا ہے، انھیں اس سے قبل اسی مقدمے میں جون 2015 میں ہاکی ورلڈ لیگ سیمی فائنل کے دوران بھی سمن دیا گیا تھا، ان کیخلاف شکایت درج کرانے والی ان کی سابقہ گرل فرینڈ ایشپال کور کا الزام ہے کہ سردار سنگھ نے انھیں تشدد کا نشانہ بھی بنایا ہے، انٹورپ میں انھوں نے ٹیم ہوٹل میں فون کرکے پولیس کو بلوالیا تھا۔

تاہم جنوری 2016 میں انھوں نے لدھیانہ پولیس اسٹیشن میں بھی سردارسنگھ کیخلاف انہی الزامات پر ایف آئی آر بھی درج کرادی تھی، تاہم مئی 2016 میں لدھیانہ پولیس کمشنر جے ایس الوک کی قائم کردہ خصوصی انویسٹی گیشن ٹیم نے سردار سنگھ کو کلین چٹ دے دی تھی،انہی معاملات کی وجہ سے سردار سنگھ کو گذشتہ برس چیمپئنز ٹرافی کیلیے بھارتی اسکواڈ سے باہررکھاگیا تھا، تاہم اس بار لندن میں شیڈول ورلڈ کپ کوالیفائرمیں اس یقین دہانی پرانھیں ٹیم کا حصہ بنایا گیا تھا کہ یہ معاملہ حل ہوچکا ہے لیکن یارکشائر پولیس نے انھیں دوبارہ طلب کرکے اس معاملے میں نئی جان ڈال دی ہے، بھارتی نژاد خاتون ہاکی پلیئر ایشپال کور جونیئر سطح پر انگلینڈ کی نمائندگی کرچکی ہیں۔

انھوں نے لیڈز پولیس کو اس معاملے میں شامل کرلیا ہے، انھوں نے موقف اختیار کیا ہے کہ گذشتہ برس انھوں نے پنجاب پولیس میں مقدمہ درج کرایا تھا لیکن وہاں ان کی شنوائی نہیں ہوئی، وہاں پر سردار سنگھ کو کلین چٹ دیے جانے پر میں نے برطانوی پولیس سے رابطے کا فیصلہ کیا تھا، انھوں نے ہفتے کی صبح لیڈز پولیس میں رپورٹ درج کرائی تھی، پولیس نے بھارتی ٹیم کو اتوار سے رابطہ کرلیا تھا، تاہم اس دن ان کا پاکستان سے میچ تھا اور پیر کو ان کا آرام کا دن تھا لہذا انھوں نے سردار سنگھ کو اسی دن طلب کیا۔
Load Next Story