پاک افریقہ ٹیسٹ شاہینوں نے پروٹیز کو 253 رنز پر ڈھیر کردیا

محمد حفیظ نے 4، عمر گل اور جنید خان نے 2،2 جبکہ یونس خان نےایک کھلاڑی کو آؤٹ کیا۔

واضح رہے کہ جنوبی افریقہ کے کپتان گریم اسمتھ کا بطور کپتان یہ سوواں میچ ہے۔ فوٹو: رائٹرز

جوہانسبرگ ٹیسٹ کے پہلے روز محمد حفیظ کی تباہ کن بالنگ کی بدولت پاکستان نے جنوبی افریقہ کو 253 رنز پر آؤٹ کردیا۔


وانڈررذ اسٹیڈیم میں جاری میچ میں جنوبی افریقی کپتان گریم اسمتھ نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کرنے کا فیصلہ کیا۔ اسمتھ اور پیٹرسن نے اپنی ٹیم کو پر اعتماد آغاز فراہم کیا لیکن چھیالیس کے مجموعی سکور پر پیٹر سن چھیالیس 20 رنز بناکر جنید خان کی گیند پر کیچ آؤٹ ہوگئے۔ اگلے ہی اوور میں اسمتھ بھی 24 رنز بنا کر عمر گل کا شکار بن گئے۔



اس موقع پر جیک کیلس اور ہاشم آملا نے ٹیم کو سنبھالا دیا اور اسکور کو 125 تک پہنچا دیا تاہم پھر عمر گل کی گیند پر اسد شفیق نے ففٹی بنانے والے جیک کیلس کا شاندار کیچ پکڑ کر انہیں پویلین واپس بھیج دیا۔ مجموعی اسکور میں 10 رنز کا اضافہ ہوتے ہی ہاشم آملہ بھی 37 رنز بنا کر پارٹ ٹائم بولر یونس خان کا شکار ہوگئے۔


199 کے مجموعی اسکور پر اے بی ڈویلیرز کے آؤٹ ہوتے ہی جنوبی افریقہ کی ٹیم لڑکھڑانا شروع ہوگئی اور پوری ٹیم 253 رنز بناکر آؤٹ ہوگئی۔ پاکستان کی جانب سے پروفیسر کہلانے والے محمد حفیظ نے شاندار بولنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے 16 رنز کے عوض 4 کھلاڑیوں کو اپنا شکار بنایا، عمر گل اور جنید خان نے 2،2 جبکہ یونس خان نے ایک وکٹ حاصل کی۔ پاکستان نے اپنی پہلی اننگز میں بغیر کسی نقصان کے 6 رنز بنا لئے ہیں۔


واضح رہے کہ جنوبی افریقہ کے کپتان گریم اسمتھ کا بطور کپتان یہ سوواں میچ ہے۔

Load Next Story