انیل کمبلے کا پتہ صاف کرنے والے کوہلی ’ ولن ‘ بن گئے

گاوسکر نے بھارتی کرکٹ کیلیے ’ یوم افسوس ‘ قرار دیدیا، یہ سب اچھا نہیں ہوا، بشن سنگھ بیدی

کمبلے کی کوچنگ میں جس طرح بھارتی ٹیم نے پرفارم کیا مجھے شک ہے کہ کوئی اور ایسا کرپائے گا، سہواگ۔ فوٹو : فائل

انیل کمبلے کا پتہ صاف کرنے والے ویرات کوہلی چانک 'ولن' بن گئے۔

انیل کمبلے نے ایک روز قبل کپتان ویرات کوہلی کی مخالفت کے باعث ہیڈ کوچ کی ذمہ داری سے استعفیٰ دیدیا تھا۔ ان کا کہنا تھا کہ یہ جاب ان کیلیے اب بے مصرف ہوگئی ہے۔ یاد رہے کہ کوہلی اور چندسینئر کھلاڑی کمبلے کی کوچنگ کے انداز سے خوش نہیں تھے تاہم کپتان نے بورڈ پر واضح کردیا تھا کہ وہ کمبلے کے معاہدے کی تجدید کی حمایت نہیں کریں گے۔ اس ساری صورتحال نے خود انھیں سینئر کھلاڑیوں کی نگاہ میں ولن بنادیا ہے۔


ادھر سابق کپتان سنیل گاوسکر کہتے ہیں کہ میں کوہلی اور کمبلے کے درمیان اختلافات کے بارے میں بہت کم جانتاہوں مگر یہ حقیقت میں بھارتی کرکٹ کیلیے افسوسناک دن ہے، جب سے کمبلے نے ذمہ داری سنبھالی بھارتی ٹیم نے سب کچھ جیتا ہے۔ مجھے ان کے ایک برس میں کچھ بھی غلط دکھائی نہیں دیتا، اختلافات تو ہر جگہ ہی ہوتے ہیں مگر ہمیں نتائج دیکھنا چاہئیں۔

دوسری جانب بشن سنگھ بیدی نے ٹویٹ کیا کہ کمبلے نے بہترین انداز میں ذمہ داری انجام دی، یہ صورتحال اچھی نہیں ہے۔ واضح رہے کہ بھارتی بورڈ پہلے ہی نئے کوچ کے تقرر کیلیے درخواستیں طلب کرچکا، امیدواروں میں ایک اور سابق بھارتی کرکٹر وریندرسہواگ کو فیورٹ قرار دیا جارہا ہے تاہم وہ بھی صورتحال پر حیران ہیں جبکہ سہواگ کہتے ہیں کہ کمبلے کی کوچنگ میں جس طرح بھارتی ٹیم نے پرفارم کیا مجھے شک ہے کہ کوئی اور ایسا کرپائے گا، میں کمبلے کے کوچنگ اسٹائل کے بارے میں تو زیادہ نہیں جانتا مگر ایک کھلاڑی اور سینئر کے اعتبار سے وہ بہترین تھے۔

ماہرین کا کہنا ہے کہ اس معاملے پر کپتان کی بات مان کر اچھی مثال قائم نہیں کی گئی۔
Load Next Story