بچے میں وائرس کی تصدیق شہر کو پولیو فری قرار دینے کا امکان ختم

بن قاسم ٹاؤن کے ڈھائی سالہ بچے مشرف میں وائرس پایاگیا

کراچی میں آخری پولیوکیس 2011 میں 15 نومبر کوبلدیہ ٹاؤن کی رہائشی 16ماہ کی بے بی کائنات کوہوا تھا یہ بچی یوسی 2 بلدیہ کی رہائشی ہے۔ فوٹو: فائل

کراچی میں رواں سال کا پہلا پولیوکیس سامنے آگیا ہے جس کے بعدشہر کو پولیو فری قرار دیے جانے کے امکانات معدوم ہوگئے ہیں۔

سال 2012 میںکراچی میںپولیوکیس رپورٹ نہ ہونے پرمحکمہ صحت نے اطمینان کا اظہارکیا تھا،شہر میں 14ماہ بعد پولیو کیس کی تصدیق ہوئی ہے ، تفصیلات کے مطابق کراچی کے علاقے بن قاسم ٹاؤن میں 24 ماہ کا بچہ مشرف ولد عثمان مکان نمبر174ٹی ایس ایف اسکول کچی آبادی ریلوے کالونی یوسی 3 کارہائشی ہے، بچے میں پولیو ون وائرس کی فضلے کے نمونوں کے ذریعے تصدیق کی گئی ہے۔

یہ تصدیق اسلام آباد کی لیبارٹری نے کی ہے جس کی اطلاع صوبائی وزیر صحت ڈاکٹر صغیر احمدکو بھی دیدی گئی،صوبائی سیکریٹری صحت آفتاب کھتری اور ڈائریکٹر جنرل صحت سندھ ڈاکٹر اشفاق میمن نے مشرف کو پولیوکیس کی تصدیق کرتے ہوئے بتایاکہ کراچی کے بن قاسم ٹائون میں سال کا پہلا پولیوکیس رپورٹ ہوا ہے،گزشتہ سال کراچی میں پولیوکا کوئی کیس رپورٹ نہیں ہوا تھا تاہم کراچی میں آخری پولیوکیس 2011 میں 15 نومبر کوبلدیہ ٹاؤن کی رہائشی 16ماہ کی بے بی کائنات کوہوا تھا یہ بچی یوسی 2 بلدیہ کی رہائشی ہے۔




دریں اثنا کراچی میں 2012 میںایک سال تک پولیو کا کوئی کیس نہ ہونے پرعالمی اداروں نے بھی صوبائی محکمہ صحت کی کارکردگی کو سراہا تھا لیکن عالمی ادارہ صحت نے واضح کیا ہے کہ کراچی کے7 ٹاؤنزمیں حالیہ انسداد پولیو مہم کی کارکردگی کو مزید بہتر بنایا جائے ان ٹاؤنز میں لیاقت آباد، صدر، سائٹ، نارتھ ناظم آباد،گلبرگ،گڈاپ بھی شامل ہیں۔

واضح رہے گزشتہ سال ملک بھر میں پولیو کیسز کی تعداد 58 تھی ان میں کراچی میں پولیوکا کوئی کیس رپورٹ نہیں ہوا تاہم اندرون سندھ 4 پولیوکیسوںکی تصدیق کی گئی تھی، کراچی میں پولیو مہم شروع کرنے کیلیے4 فروری کو صوبائی محکمہ صحت نے غیر معمولی اجلاس بھی طلب کیا ہے جس میں کراچی میں مہم شروع کرنے کے حوالے سے اعلان کیا جائے گا، ادھرکراچی میں پولیوکیس تصدیق کے بعدآج (ہفتہ)کو اعلیٰ سطحی اجلاس بھی طلب کرلیا گیا ہے۔
Load Next Story