بارابتی اسٹیڈیم کے باہر پاکستانی ٹیم کیخلاف مظاہرہ

پولیس نے دو درجن افراد کو حراست میں لے کر چھوڑدیا، میچ میں شائقین کی عدم دلچسپی۔


Sports Desk February 02, 2013
پولیس نے دو درجن افراد کو حراست میں لے کر چھوڑدیا، میچ میں شائقین کی عدم دلچسپی۔ فوٹو: فائل

ویمنز ورلڈکپ میں پاکستانی کرکٹ ٹیم نے اپنا پہلا میچ تماشائیوں سے تقریباً خالی اسٹیڈیم میں کھیلا، اس موقع پر ایک تنظیم نے احتجاجی مظاہرہ بھی کیا۔

تفصیلات کے مطابق ممبئی میں سیکیورٹی خدشات کے سبب گرین شرٹس کے میچز کٹک منتقل کیے گئے، وہاں بارابتی اسٹیڈیم میں ہی ٹیم قیام پذیر ہے، جمعے کو پاکستان نے آسٹریلیا کیخلاف میچ سے ایونٹ کا آغاز کیا،اس موقع پر اسٹیڈیم کے باہر ایک مقامی سیاسی تنظیم اٹکل بھارت کے کارکنوں نے پاکستانی کھلاڑیوں کے خلاف مظاہرہ کیا۔

پولیس حکام کا کہنا ہے کہ تقریباً دو درجن افراد کو حراست میں لے کر چھوڑدیا گیا، بارابتی اسٹیڈیم میں جب میچ کا آغاز ہوا تو گیلری نمبر ایک اور دو کو شائقین کے لیے کھول دیا گیا، ابتدا میں صرف چند درجن شائقین موجود تھے جو آہستہ آہستہ بڑھ کر چند سو تک پہنچ گئے، عدم دلچسپی کی وجہ غیر معمولی سیکیورٹی کو بھی بتایا جاتا ہے،اسٹیڈیم میں موبائل فون اور کھانے کے پیکٹس لے جانے پر بھی پابندی تھی۔



دریں اثنا اڑیسہ کرکٹ ایسوسی ایشن کے حکام کا کہنا ہے کہ انھیں پاکستانی کھلاڑیوں کی کسی مشکل کے بغیر پہلا میچ کھیلنے پر خوشی ہے۔ دریں اثنا آئی سی سی کی طرف سے مفت داخلے کا اعلان کرنے کے باوجود ممبئی میں بھی ویمنز ورلڈکپ شائقین کی توجہ حاصل نہیں کر سکا،عوام نے بھارت اور ویسٹ انڈیز کے افتتاحی میچ کوکوئی اہمیت نہیں دی۔

35 ہزار افراد کی گنجائش والے بارا بورا اسٹیڈیم میں صرف 200 شائقین موجود تھے۔ ملک میں کرکٹ کے شائقین کی بڑی تعداد ہونے کے باوجود اس ٹورنامنٹ کی عدم مقبولیت کا ذمہ دار کمزور اشتہاری مہم کو بھی ٹھہرایا جاتا ہے،آفیشل براڈکاسٹر نے ٹورنامنٹ کے پروموز صرف ایک ہفتے قبل ہی نشر کیے تھے۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں