پہلا ون ڈے آسٹریلوی پیسرزنے ویسٹ انڈیز پر دھاوا بول دیا

مہمان ٹیم اپنی تاریخ کے تیسرے کمترین اسکور 70 پر ڈھیر،اسٹارک نے5 وکٹیں لیں۔


AFP/Sports Desk February 02, 2013
پہلا ون ڈے: آسٹریلوی پیسر مچل اسٹارک ویسٹ انڈین پلیئر کیرون پولارڈ کو ٹھکانے لگانے پر مسرور۔ فوٹو : اے ایف پی

پہلے ون ڈے انٹرنیشنل میں آسٹریلوی پیس اٹیک نے ویسٹ انڈیز پر دھاوا بول دیا۔

مہمان ٹیم اپنی تاریخ کے تیسرے کمترین اسکور 70 پر ڈھیر ہو گئی، ڈبل فیگر میں داخل ہونے والے 3 پلیئرز میں شامل کپتان ڈیرن سیمی نے سب سے زیادہ 16رنز بنائے، کینگروز17 فاضل رنز کا تحفہ نہ دیتے تو اتنا اسکور بھی نہیں بن پاتا، مین آف دی میچ مچل اسٹارک نے 5 پلیئرز کو ٹھکانے لگایا، میک کے نے3 اور پہلا میچ کھیلنے والے فوکنر نے 2 وکٹیں لیں۔

میزبان سائیڈ نے صرف 9.2 اوورز میں ایک وکٹ پر ہدف حاصل کر کے 9 وکٹ سے فتح کو گلے لگایا، میسکویل نے نصف سنچری بنائی۔ تفصیلات کے مطابق واکا پرتھ میں انتہائی گرم موسم میں ٹاس جیت کر بیٹنگ کا فیصلہ کر کے ویسٹ انڈیز نے خود اپنے پیر پر کلہاڑی دے ماری، پانچویں اوور میں کرس گیل (4) کے آئوٹ ہونے سے لائن لگ گئی، بیٹسمین کریز پر آتے اور فوراً ہی واپس جاتے رہے۔



پاول11 جبکہ سروان ، ڈیوائن براوو اور پولارڈ صفر پر میدان بدر ہوئے، تھامس3 اور ڈیرن براوو11 رنز بنا سکے،39 پر7 وکٹیں گرنے سے ویسٹ انڈیز کے اپنے کمترین اسکور54 سے بھی کم پر آئوٹ ہونے کا خدشہ پیدا ہوا، مگر سیمی (16) نے جیسن ہولڈر(7) کے ساتھ 26 رنز کی شراکت سے ٹیم کو رسوائی سے بچایا۔

سنیل نارائن بھی کھاتہ کھولے بغیر رخصت ہوئے، نہ صرف اسٹارک بلکہ میک کے اور فوکنر کی تیز سوئنگ گیندوں کا کیریبیئن بیٹسمینوں کے پاس کوئی جواب نہ تھا، تینوں نے بالترتیب5،3 اور 2 وکٹیں حاصل کیں،آسٹریلیا کیخلاف کمترین 70 رنز پر اننگز کا اختتام ہوا۔ آسان ہدف کے تعاقب میں فنچ 10 رنز پر ہولڈر کا نشانہ بن گئے، گلین میکسویل نے حریف بولرز کی خوب پٹائی کرتے ہوئے صرف 33 گیندوں پر نصف سنچری بنا دی، اس میں 9 چوکے اور 2 چھکے شامل تھے، ٹیم نے9.2 اوورز میں فتح حاصل کر لی، عثمان خواجہ 8 رنز پر ناٹ آئوٹ رہے۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں