صدقہ فطر اہم مسائل
فطرانے سے ناداروں اور مسکینوں کی خوراک و پوشاک کا انتظام ہوجاتا ہے اورعید کی خوشیوں میں وہ بھی شامل ہوجاتے ہیں
May 16, 2018
عام طور پر یہ سمجھا جاتا ہے کہ صدقہ فطر صرف گندم کے ساتھ خاص ہے۔ فوٹو : فائل
صدقۂ فطر ادا کرنے سے جہاں ایک شرعی حکم کو پورا کرنے کا ثواب ملتا ہے وہاں اس کے کئی اور فائدے بھی ہیں جیسے صدقہ فطر روزوں کو پاک صاف کرنے کا ذریعہ ہے۔
روزے کی حالت میں جو فضول یا بے ہودہ باتیں زبان سے نکلتی ہیں اس فطرانہ کی ادائی سے روزے ان چیزوں سے پاک ہوکر اللہ تعالی کی بارگاہ میں ایسے مقبول ہوجاتے ہیں کہ ان کی قبولیت میں کوئی رکاوٹ نہیں ہوتی۔ اسی طرح صدقۂ فطر سے عید کے دن ناداروں اور مسکینوں کی خوراک و پوشاک کا انتظام ہوجاتا ہے اور عید کی خوشیوں میں ان کو بھی شامل کر لیا جاتا ہے۔ اس کی ادائی سے اللہ تعالی مال اور رزق میں برکت اور کام یابی عطا فرماتے ہیں۔ اس لیے بعض بزرگوں نے فرمایا ہے کہ اگر مسئلہ کی رو سے کسی پر صدقۂ فطر واجب نہ بھی ہو تو اسے بھی صدقۂ فطر کے ٖفضائل اور فوائد کو سامنے رکھ کر ادا کرلینا چاہیے۔
صدقۂ فطر کس پر واجب ہے اور کن افراد کی طرف سے واجب ہے؟ ہر وہ مسلمان جس کی ملکیت میں پانچ چیزوں (سونا، چاندی، نقدی رقم، مال تجارت اور ضرورت سے زاید تمام اشیاء) میں سے کوئی ایک یا ان پانچوں کا مجموعہ ساڑھے باون تولے چاندی کی قیمت کے بہ قدر ہو جائے، خواہ اس نصاب پر پورا سال گزرا ہو یا نہ گزرا ہو، تو اس پر اپنی طرف سے اور زیر کفالت نابالغ بچوں کی طرف سے صدقۂ فطر ادا کرنا واجب ہے اور ایسے شخص کے لیے جو اس مذکورہ نصاب کا مالک ہو زکوٰۃ، صدقہ فطر اور صدقات واجبہ لینا جائز نہیں۔
٭ اگر باپ نہ ہو یا تنگ دست ہو تو دادا باپ کے قائم مقام ہوگا یعنی اس پر واجب ہوگا کہ اپنے نابالغ پوتے اور پوتیوں کی طرف سے صدقہ فطر ادا کرے، اگر نابالغ پوتے اور پوتیاں مال دار نہ ہوں اور اگر وہ مال دار ہوں تو ان کے مال سے ادا کرے گا۔
٭ مرد کے ذمے نابالغ اولاد کے علاوہ کسی اور رشتے دار مثلا بیوی، بالغ اولاد، بہن، بھائی غرض کسی بھی دوسرے رشتے دار کی طرف سے صدقہ فطر ادا کرنا واجب نہیں اگرچہ یہ اس کے زیر کفالت ہوں مثلا چھوٹے بھائی، بہن وغیرہ، البتہ بالغ اولاد اور بیوی کا فطرانہ ان سے اجازت لیے بغیر ادا کر دیا تو ادا ہو جائے گا بہ شرطے کہ بالغ اولاد اس کے عیال میں ہو۔
٭ اگر عورت خود صاحب نصاب ہو (جو کہ عموما زیورات وغیرہ کی وجہ سے ہوتی ہے چاہے زیورات استعمال میں ہوں یا نہ ہوں) تو صدقہ فطر کی ادائی کی خود ذمے دار ہے شوہر کے ذمے لازم نہیں، تاہم اگر شوہر بیوی کی طرف سے ادا کرے تو صدقہ فطر ادا ہو جائے گا اور اگر عورت نصاب کی مالک نہیں تو اس پر صدقہ فطر واجب نہیں۔
٭ اگر کوئی مقروض ہو تو ان پانچوں قسم کے مال کی قیمت لگائے پھر اس میں سے قرض کی رقم نکال کر دیکھے اگر بقیہ رقم مذکورہ نصاب کے برابر ہے تو صدقہ فطر واجب ہوگا ورنہ واجب نہیں اور جو قرض دوسروں پر ہو اور اس کے ملنے کی امید ہو اسے بھی نقد رقم میں شمار کیا جائے گا۔
٭ جن لوگوں نے سفر یا بیماری کی وجہ سے یا ویسے ہی غفلت کی وجہ سے روزے نہیں رکھے، صدقہ فطر ان پر بھی واجب ہے اگر وہ صاحب نصاب ہیں۔
٭ جو بچہ عید کی رات صبح صادق سے پہلے پیدا ہوا اس کا صدقہ فطر لازم ہے اور جو عید کی رات صبح صادق سے پہلے مرگیا تو اس کا صدقہ فطر لازم نہیں۔
٭ ماں کے ذمے بچوں کا صدقہ فطر لازم نہیں، خواہ ماں مال دار ہی کیوں نہ ہو۔
٭ صدقہ فطر کے واجب ہونے کا وقت اگرچہ عید کے دن کا صبح صادق ہے لیکن اگر کوئی اس سے پہلے رمضان میں پیشگی دیدے تب بھی ادا ہو جاتا ہے۔ اگر کسی نے نہ رمضان میں ادا کیا اور نہ عید کے دن تو بعد میں بھی اد ا کرنا ذمے میں واجب رہے گا معاف نہیں ہو گا خواہ کتنا ہی زمانہ گزر جائے، عمر بھر یہ واجب اس کے ذمہ میں رہے گا اور عید کے دن سے تاخیر کرنا مکروہ تنزیہی ہے۔ تاخیر ہونے پر استغفار کرنا چاہیے۔
٭ صدقہ فطر کن چیزوں سے ادا ہوگا اور ان کی واجب مقدار:
احادیث میں صدقہ فطر وزن کے اعتبار سے چار قسم کی چیزوں سے ادا کرنے کا ذکر ملتا ہے۔ ایک کشمش سے، دوسرے چھوارے سے، تیسرے جو سے اور چوتھے گندم سے۔ ان میں سے کسی بھی ایک چیز کو بعینہ یا ان میں سے کسی ایک کی قیمت کو ادا کرنا درست ہے۔ مذکورہ چار اشیاء میں سے جس چیز کے ساتھ کوئی صدقہ فطر ادا کرنا چاہتا ہے اور وہ چیز اعلی اور ادنی ہونے کے لحاظ سے مختلف مالیت کی ہے تو بہتر یہ ہے کہ اعلی یا درمیانے درجے کی چیز یا اس کی قیمت کے اعتبار سے صدقہ فطر ادا کرے لیکن اگر ادنی قسم کی قیمت کے اعتبار سے ادا کیا جائے تو اس کی بھی گنجائش ہے۔ (فتاوٰی محمودیہ)
عام طور پر یہ سمجھا جاتا ہے کہ صدقہ فطر صرف گندم کے ساتھ خاص ہے۔ باقی تین چیزوں کا علم بھی نہیں ہوتا حالاںکہ جن لوگوں کو اللہ تعالٰی نے وسعت اور توفیق دی ہے ان کو چاہیے کہ وہ ان چار چیزوں میں سے جو چیز مالیت کے اعتبار سے سب سے اعلی ہو اس کے ساتھ صدقہ فطر ادا کریں تاکہ غریب کی حاجت بھی پوری ہو اور اس کو خوب ثواب حاصل بھی ہو۔
٭ اگر کوئی شخص قیمت سے صدقہ فطر ادا کرنا چاہتا ہے تو جہاں وہ شخص رہتا ہے وہیں کے اعتبار سے قیمت کا لحاظ ہو گا اور اگر وہ خود کسی اور جگہ رہتا ہے اور وہ کسی دوسری جگہ اس رقم کو بھیجنا چاہتا ہے اور دونوں جگہوں کی قیمت میں فرق ہے تو افضل یہ ہے کہ جس جگہ کی قیمت کا معیار زیادہ ہو اس لحاظ سے ادا کیا جائے اگرچہ اس بات کی بھی گنجائش ہے کہ وہ کسی بھی مقام کے اعتبار سے ادائی کر دے
(کمافی امداد الاحکام، فتاوٰی محمودیہ)
صدقہ فطر کن لوگوں کو دیا جائے؟
صدقہ فطر کو اس کے صحیح شرعی مصرف میں لگانا صدقہ فطر ادا کرنے والے کی شرعی ذمے داری ہے۔ صدقہ فطر صرف ان غریبوں کو دیا جاسکتا ہے جنہیں زکوٰۃ دینا درست ہو یعنی جس کی ملکیت میں ساڑھے باون تولہ چاندی یا اس کی مالیت کے برابر سونا، چاندی، نقدی رقم، مال تجارت، اور ضرورت سے زیادہ سامان نہ ہو تو اسے صدقہ فطر دیا جاسکتا ہے۔
٭ جن لوگوں سے یہ پیدا ہوا جیسے ماں، باپ، دادا، دادی، نانا، نانی اور اسی طرح جو اس کی اولاد ہیں جیسے بیٹا، بیٹی، پوتا، پوتی، نواسہ، نواسی وغیرہ ان کو صدقہ فطر دینا جائز نہیں، اسی طرح بیوی شوہر کو اور شوہر بیوی کو نہیں دے سکتا۔ ان کے علاوہ باقی سب رشتہ داروں کو دیا جاسکتا ہے جب کہ وہ مستحق ہوں۔
٭ ایک آدمی کا صدقہ فطر کئی غریبوں کو اور کئی آدمیوں کا فطرانہ ایک غریب کو دینا جائز ہے۔
٭ مستحق غریب رشتے دار کو دینے کا دوہرا ثواب ملتا ہے ایک صلہ رحمی کا اور دوسرا ادائی کا۔
٭ زکوٰۃ اور دوسرے واجبات کی طرح اس صدقہ کے ادا ہونے کے لیے ضروری ہے کہ کسی غریب کو مالکانہ طور پر دیا جائے چناں چہ مسجد، مدرسے، شفاخانے، کنویں، پل یا کسی اور رفاہی ادارے کی تعمیر میں خرچ کرنا جائز نہیں۔
(مفتی تنویر احمد)