حکومت ناکام ملک پردہشتگردوں کا راج ہے طاہرالقادری

عدالتی فیصلوں پر عملدرآمد نہیں ہو رہا، اجلاس سے خطاب، عابدہ حسین اور فخرامام کی بھی ملاقات

لاہور: تحریک منہاج القرآن کے سربراہ طاہر القادری بیگم عابدہ حسین اور فخر امام سے ملاقات کررہے ہیں۔ فوٹو: آئی این پی

KARACHI:
پاکستان عوامی تحریک کی سینٹرل ایگزیکٹو کونسل کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے ڈاکٹر محمد طاہرالقادری نے ملک میں جاری دہشت گردی کے المناک واقعات کی بھرپور مذمت کی ہے اور کہا ہے کہ متعلقہ وزیر کی ذمہ داری صرف یہ رہ گئی ہے کہ وہ قبل از وقت اطلاع دیں کہ کراچی میں خونریزی ہونے والی ہے ۔

انھوں نے کہا کہ حکومت مکمل ناکام ہو چکی ہے ۔ ملک میں بھتہ مافیا ، دہشت گردوں ، لوٹ مار اور کرپشن کا راج ہے ۔ لوگ دہشت گردوں کے رحم وکرم پر ہیں ۔ حکومت کا فرض ہے کہ عوام کے جان و مال کا تحفظ ، روزگار، کپڑا ، روٹی اورمکان وباعزت زندگی دے مگر موجودہ حکومت اس میں بری طرح ناکام ہو چکی ہے ۔ حکومت عدلیہ کے فیصلوں پر عملدرآمد کرنے میں بھی سردمہری دکھا رہی ہے ، اگر خدانخواستہ دوبارہ یہی لوگ اسمبلیوں میں آگئے تو ملک کی سلامتی اور بقا کو خطرہ ہوگا ۔




جب تک چور اور لٹیرے پارلیمنٹ کا حصہ بنتے رہیں گے اس وقت تک مسائل کا حل ممکن نہیں ۔ دریں اثناء ڈاکٹر طاہرالقادری سے پیپلزپارٹی کی مرکزی رہنما بیگم عابدہ حسین اور فخر امام کی لاہور میں ان کی رہائش گاہ پر ملاقات کی اور ملکی سیاسی صورتحال سمیت دیگر امور پر تبادلہ خیال کیا ۔ دونوں رہنمائوں نے طاہرالقادری کے انتخابی اصلاحات کے ایجنڈے کو بھی سراہا ۔
Load Next Story