پاناما کیس نوازشریف نہیں نظریہ پاکستان کے خلاف سازش ہے کیپٹن صفدر

سرے محل والوں سے کوئی نہیں پوچھ رہا اورنہ ہی کارگل کے مجرم کوکوئی پکڑرہا ہے، صفدرعباسی


ویب ڈیسک June 24, 2017
2018 کے الیکشن میں عوام ایک بار پھر نواز شریف کو وزیراعظم منتخب کریں گے، صفدرعباسی۔ فوٹو: ایکسپریس

وزیراعظم کے داماد کیپٹن ریٹائرڈ صفدر عباسی کا کہنا ہے کہ پاناما کیس نوازشریف نہیں بلکہ نظریہ پاکستان کے خلاف سازش ہے۔

کیپٹن ریٹائرڈ صفدر عباسی نے پاناما جے آئی ٹی کے سامنے پیشی کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ہم 73 کے آئین کی پاسداری کے لئے یہاں کھڑے ہیں، پاناما کیس پاکستان کو ایٹمی طاقت بنانے والے نواز شریف اور نظریہ پاکستان کے خلاف ہے، سرے محل بنانے والوں سے کوئی نہیں پوچھ رہا اور نہ ہی کارگل کے مجرم کو کوئی پکڑ رہا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ 2018 کے الیکشن میں عوام نواز شریف کو ایک بار پھر منتخب کر کے محفوظ پاکستان کے سفر کو یقینی بنائیں گے، اگرعمران خان نے اپنے آپ کو آئین اور نظریہ پاکستان کیخلاف کی جانے والی سازشوں سے دورنہیں کیا تو تاریخ انہیں کبھی معاف نہیں کرے گی۔

کیپٹن ریٹائرڈ صفدر کو جے آئی ٹی نے طلب کیا تھا جس پر وہ جوڈیشل اکیڈمی میں پیش ہوئے جہاں جے آئی ٹی نے ان سے 5 گھنٹے تک پوچھ گچھ کی۔

واضح رہے کہ دو روز قبل ہی جے آئی ٹی نے سپریم کورٹ میں اپنی تیسری کارکردگی رپورٹ پیش کی تھی جس میں وزیراعظم نوازشریف، ان کے دونوں صاحبزادوں اور وزیراعلیٰ پنجاب شہباز شریف سے ریکارڈ کئے گئے بیان کی تفصیلات بھی شامل تھی جب کہ گزشتہ روز پیپلز پارٹی کے سینیڑ رحمان ملک نے بھی جے آئی ٹی میں اپنا بیان ریکارڈ کرایا تھا۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں