چین میں لینڈ سلائیڈنگ سے 140 افراد کی ہلاکت کا خدشہ

صوبہ سی چوان کے گاؤں پر مٹی کا تودہ آن گرا، 46 گھر تباہ ہو گئے، بچے سمیت 3 افراد کو بچا لیا گیا.


News Agencies/AFP June 24, 2017
انتظامیہ نے لاپتہ افراد کی تلاش کا کام شروع کر دیا، لینڈ سلائیڈنگ کی وجہ ایک پہاڑ کا گرنا ہے۔ (فوٹو: پیپلز ڈیلی چائنا)

چین میں لینڈ سلائیڈنگ سے 6 افراد ہلاک اور140 لاپتہ ہوگئے۔

مقامی حکام کا کہنا ہے کہ تودے تلے دبے افراد کے زندہ بچنے کے امکانات کم ہیں، ریسکیو اہلکاروں نے لاپتہ افراد کی تلاش شروع کر دی ہے، حکام کے مطابق لینڈ سلائیڈنگ کی وجہ سے ایک دریا کے کنارے 2 کلو میٹر تک کا پہاڑی راستہ اور ڈیڑھ کلو میٹر سے زائد طویل علاقے میں دریائی پانی کا بہاؤ بھی بند ہوگیا ہے۔

ادھر ماؤشن کاؤنٹی کی انتظامیہ نے لینڈ سلائیڈنگ کی وجہ ایک پہاڑ کا گرنا بتایا ہے، ملبہ ہٹانے کے لیے بلڈوزر استعمال کیے جا رہے ہیں جبکہ مقامی لوگوں کے مطابق مٹی کے تودوں اور پتھروں تلے دبے افراد کے زندہ بچنے کا امکان بہت کم ہے، ریسکیو اہلکاروں نے ایک جوڑے اور ایک بچے کو بچا لیا ہے، 2 ہزار اہلکار ریسکیو آپریشن میں شریک ہیں، وسطی چینی صوبوں ہنان اور ہوبی میں سیلاب سے4 لاکھ سے زائد افراد متاثر اور بڑے پیمانے پر کھڑی فصلوں کو نقصان پہنچنے کی اطلاع ہے۔

دوسری جانب چینی صدر کا کہنا تھا کہ امدادی کارروائیوں میں کوئی کسر اٹھا نہ رکھی جائے، چین کے صوبے سی چوان میں شدید بارشوں کے نتیجے میں مٹی کا تودہ پہاڑ کے دامن تلے موجود گاؤں پر گر گیا جس کے بعد 140 افراد لاپتہ ہوگئے جبکہ 6 شہریوں کی لاشیں مل گئی ہیں، گاؤں کے 46 گھر تباہ ہو چکے ہیں، متاثرہ مقام پر امدادی کارروائیاں جاری ہیں۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔