انتخابات میں سیٹ ایڈجسٹمنٹ ہوسکتی ہے لیکن اتحاد نہیں کریں گے فاروق ستار

خرابی جمہوری نظام میں نہیں سوچ میں ہے اگر مقامی حکومتوں کا نظام قائم رہنے دیا جاتا تو حالات ایسے نہ ہوتے۔

الیکشن میں ایم کیو ایم صرف اپنے منشور کے ساتھ عوام میں جائے گی،فاروق ستار۔ فوٹو: اے ایف پی/فائل

لاہور:

ایم کیو ایم کے رہنما ڈاکٹر فاروق ستارنے کہا ہے کہ پیپلز پارٹی اور ایم کیو ایم کے درمیان اتحاد کی کامیابی کے لئے ہمیشہ ذمہ دارانہ رویہ اپنایا لیکن اتحاد کا جائزہ لینے پر صورتحال بہت منفی نظر آتی ہے۔



اسلام آباد میں میڈیا سے بات کرتے ہوئے فاروق ستارنے کہا کہ حکومتی اتحاد کا مطلب یہ نہیں کہ منشور بھی ایک ہی ہو، الیکشن میں ہمیں صرف اپنے منشور کے ساتھ جانا ہے، ایم کیو ایم نے انتخابات میں ہمیشہ اپنے زور بازو کے تحت ہی حصہ لیا ، آئندہ انتخابات میں بھی کسی سے اتحاد نہیں کریں گے البتہ سیٹ ایڈجسٹمنٹ ہوسکتی ہے اگراس حوالے سے صدرآصف زرداری اور الطاف حسین کے درمیان ملاقات ہوئی تو پھر صورت حال دیکھیں گے۔


فاروق ستار کا کہنا تھا کہ گزشتہ 5 برسوں کے دوران ایم کیو ایم اور پیپلز پارٹی کے درمیان اتحاد کی کامیابی کے لئے ہمیشہ ذمہ دارانہ کردار ادا کیا لیکن دوسری جانب سے اس سلسلے میں زیادہ موثر کردار ادا نہ کیا گیا، انہوں نے کہا کہ خرابی جمہوری نظام میں نہیں سوچ میں ہے اگر مقامی حکومتوں کا نظام قائم رہنے دیا جاتا تو حالات ایسے نہ ہوتے۔
Load Next Story