جہانیاں ’’ضرورت مند ہوں‘‘ مسجد میں چوری کرنیوالے کا خط

یہ میرا اور اللہ کا معاملہ ہے، مدد کے لیے اپیل کی تھی مگر کسی نے بات نہ سنی، متن

نواحی گاؤں میں نامعلوم ملزم نے مسجد سے بیٹریاں، چندہ باکس چرایا اور خط چھوڑ گیا۔ فوٹو: رائٹرز / فائل

KARACHI:
جہانیاں میں نامعلوم چور نے مسجد سے یوپی ایس کی 2 بیٹریاں اور چندہ باکس چرا لیا جبکہ ایک خط وہاں چھوڑ گیا۔

ملتان کے علاقے جہانیاں میں نامعلوم چور نے مسجد سے یوپی ایس کی 2 بیٹریاں اور چندہ باکس چرانے کے بعد ایک خط وہاں چھوڑ گیا جس میں تحریر تھا کہ کوئی بھی مجھے ڈھونڈنے کی کوشش نہ کرے، یہ میرا اور میرے اللہ کا معاملہ ہے، میں بہت ضرورت مند ہوں، اس لیے اللہ کے گھر سے چوری کی ہے۔


بتایا گیا ہے کہ نواحی گاؤں چک 163دس آر کی جامع مسجد سے جمعے کو رات گئے نامعلوم ملزم نے 50ہزار مالیت کی 2 بیٹریاں اور چندہ باکس چرا لیا، ملزم جاتے ہوئے ایک خط چھوڑ گیا جس میں تحریر تھا کہ '' میں نے کسی شخص کے گھر میں چوری نہیں کی، میں اللہ کے گھر سے کچھ چیزیں لے جا رہا ہوں لہذا کوئی بھی ہمارے معاملے میں ٹانگ نہ اڑائے۔

تحریر کے مطابق چور کا کہنا تھا کہ میں کچھ دن پہلے مسجد میں آیا تھا اور لوگوں سے مدد کی اپیل کی تھی مگر کسی نے بھی میری بات نہ سنی اور مجھے باہر پھینک دیا، مقامی لوگوں نے چور سے اظہار ہمدردی کرتے ہوئے اسے معاف کرنے پر زور دیا تاہم امام مسجد قاری سعید اس کے خلاف کارروائی پر بضد تھے۔
Load Next Story