قومی کرکٹرز کیلیے کروڑوں روپے کی ’’عیدی‘‘ تیار

بورڈ مکمل انعامی رقم مساوی تقسیم کرے گا، ایک حصہ مینجمنٹ کے لیے مختص۔


Saleem Khaliq June 25, 2017
آئی سی سی 23 کروڑ روپے سے زائد کا چیک آئندہ ہفتے بھیجے گی، ٹیکس نہیں کٹے گا۔ فوٹو : فائل

قومی کرکٹرز کیلیے کروڑوں روپے کی ''عیدی'' تیار ہے۔

آئی سی سی چیمپئنز ٹرافی جیتنے پر پاکستانی ٹیم 22 لاکھ ڈالر (تقریباً 23 کروڑ روپے) کی حقدار بنی، لیگ میچز اور سیمی فائنل میں فتح کا الگ انعام ہے، مین آف دی میچ، ٹورنامنٹ و دیگر انعامات کی رقم کا چیک بھی آئندہ ہفتے پی سی بی کو موصول ہو جائے گا، اس میں کوئی ٹیکس کٹوتی نہیں ہوگی۔

ذرائع نے بتایا کہ بورڈ یہ رقم اسکواڈ میں مساوی تقسیم کرے گا، انجری کے سبب پہلے ہی میچ کے بعد وطن واپس جانے والے وہاب ریاض بھی حصے کے حقدار ہوں گے، ایک حصہ13 رکنی ٹیم مینجمنٹ کا ہے، محتاط اندازے کے مطابق ایک کھلاڑی کے حصے میں ڈیڑھ کروڑ روپے سے زائد رقم آئے گی،لیگ میچز اور سیمی فائنل میں فتح کاانعام الگ ہے، ضابطے کے مطابق مین آف دی میچ وٹورنامنٹ کی رقم بھی سب میں مساوی تقسیم ہوتی ہے، یوں ہر کھلاڑی بھاری رقم اپنے اکاؤنٹ میں منتقل کرا لے گا، ٹیم مینجمنٹ کے ہر رکن کو 11 سے 12لاکھ روپے تک مل سکتے ہیں۔

دوسری جانب وزیر اعظم نواز شریف نے ہر کھلاڑی کیلیے ایک، ایک کروڑ روپے کے انعام کا پہلے ہی اعلان کر رکھا ہے،کرکٹ بورڈ 10، 10 لاکھ روپے دے گا، کاروباری شخصیات بھی انعامات کا اعلان کر رہی ہیں، سینٹرل کنٹریکٹ کے تحت بونس کی الگ رقم بھی بورڈ کو دینا ہو گی جس کی تفصیل ابھی ظاہر نہیں ہوئی، یوں کھلاڑیوں کو عید کے موقع پر کروڑوں روپے کی عیدی ملے گی۔

 

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں