فیلڈ میں رکاوٹ روئے آؤٹ ہونے والے پہلے کرکٹر بن گئے

جیسن روئے ایک سنگل کے دوران فیلو کووایو کی جانب سے وکٹوں کی جانب پھینکی گئی تھرو کے راستے میں آگئے۔


Sports Desk/AFP June 25, 2017
دوسرے ٹی 20 میں 3 رنز کی فتح سے پروٹیزنے سیریز برابر کردی، آج فیصلہ کن میچ ہوگا۔ فوٹو: نیٹ

ISLAMABAD: ٹوئنٹی 20 فارمیٹ میں جیسن روئے فیلڈ میں رکاوٹ بننے پر آؤٹ ہونے والے پہلے کرکٹر بن گئے، ان کی ذرا سی غفلت نے انگلینڈ کا بنا بنایا کھیل بگاڑ دیا۔

جیسن روئے کی عجیب و غریب انداز میں وکٹ گنوانے سے مضبوط پوزیشن کی حامل انگلش ٹیم جنوبی افریقہ کے خلاف دوسرا ٹوئنٹی 20 میچ ہارگئی، کامیابی کیلیے 175 رنز کا تعاقب کرتے ہوئے انھوں نے جونی بیئر اسٹو کے ساتھ دوسری وکٹ کی شراکت میں 110 رنز جوڑے، خود ان کا اسکور 67 رہا جس میں 9 چوکے اور ایک چھکا شامل تھا، بیئر اسٹور (47) رنز پر آؤٹ ہوئے۔

جیسن روئے ایک سنگل کے دوران فیلو کووایو کی جانب سے وکٹوں کی جانب پھینکی گئی تھرو کے راستے میں آگئے، گیند ان کی ایڑی سے لگی جس پر پروٹیز نے فوری طور پر اپیل کی، آن فیلڈ امپائر روب بیلی اور مائیکل گف نے معاملہ تھرڈ امپائر ٹم روبنسن کے پاس بھیجا جنھوں نے روئے کو آؤٹ قرار دے دیا۔ اس طرح وہ ٹوئنٹی 20 فارمیٹ میں 'آبسٹرکٹنگ دی فیلڈ' یعنی فیلڈ میں رکاوٹ کے جرم میں وکٹ گنوانے والے پہلے کرکٹر بن گئے،2 وکٹ پر 125 رنز بنانے والی انگلش ٹیم کی 167 رنز تک 6 وکٹیں گرگئیں۔

آخری اوور میں میزبان سائیڈ کو کامیابی کیلیے 12 رنز درکار تھے، لیام ڈاسن نے فیلو کووایو کو باؤنڈری جڑی، لاسٹ گیند پر فتح کیلیے مزید ایک چوکے کی ضرورت تھی، مگر ڈاسن ایک بار پھر گیند کو باؤنڈری کی سیر نہیں کرا پائے، کرس مورس نے 2 وکٹیں لیں۔ پہلے میچ میں 9 وکٹ سے شکست سے دوچار ہونے والی پروٹیز سائیڈ 3 رنز کی فتح سے سیریز برابر کرنے میں کامیاب ہوگئی۔

یاد رہے کہ اتوار کو دونوں ٹیموں کے درمیان کارڈف میں فیصلہ کن میچ کھیلا جائے گا۔

 

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں