پاکستانی خواتین نے بھی دنیا کو حیران کرنے کی ٹھان لی

ورلڈکپ میں آج جنوبی افریقہ کیخلاف میچ سے سفر کا آغاز، حوصلے بلند ہیں،ثنا


Sports Desk June 25, 2017
ورلڈکپ میں آج جنوبی افریقہ کیخلاف میچ سے سفر کا آغاز، حوصلے بلند ہیں،ثنا۔ فوٹو : فائل

ویمنز ورلڈ کپ میں پاکستان کی خواتین ٹیم نے بھی مردوں کی طرح دنیا کو حیران کرنے کی ٹھان لی تاہم ٹیم اپنے سفر کا آغاز اتوار کو جنوبی افریقہ کے خلاف میچ سے کریگی۔

پاکستان اور جنوبی افریقہ ورلڈ کپ کا آغاز فتح کیساتھ کرنے کیلیے پُرامید ہیں،4 برس قبل بھی دونوں ٹیموں کا گروپ اسٹیج کے اہم ترین معرکے میں آمنا سامنا ہوا، تب ماریزین کیپ کی آل راؤنڈ پرفارمنس کی وجہ سے گرین شرٹس کو 124 رنز سے شکست کا منہ دیکھنا پڑا تھا۔

پاکستان نے مارچ2015 میں شارجہ میں پروٹیز خواتین کی میزبانی کی تاہم تب بھی جنوبی افریقی ٹیم نے پہلے میچ میں شکست کے بعد کم بیک کرتے ہوئے سیریز 2-1 سے اپنے نام کرلی تھی۔ رواں برس کے آغاز پر کولمبو میں کھیلے گئے ورلڈ کپ کوالیفائر میں بھی پروٹیز نے پاکستانی ویمنز ٹیم کو 63 رنز سے مات دی تھی تاہم اس خراب ترین ریکارڈ کے باوجود پاکستان کی کپتان ثنا میر کو ٹورنامنٹ میں اچھے آغاز کی امید ہے۔

ثنا نے کہاکہ ہمارے لیے ویمنز چیمپئن شپ کافی کارآمد ثابت ہوئی، اپنے ملک میں انٹرنیشنل کرکٹ نہ ہونے کی وجہ سے ہمیں پہلے زیادہ میچز کھیلنے کو نہیں ملتے تھے مگر اس چیمپئن شپ کی بدولت ہم نے 2 برس میں بہت میچز کھیلے،اس لیے ہمیں اس ٹورنامنٹ کی اچھی تیاری کرنے کا موقع میسر آیا۔ انھوں نے کہا کہ کسی بھی ایونٹ کا پہلا میچ کافی اہمیت کا حامل ہوتا ہے، ہم میچ درمیچ اس ایونٹ میں آگے بڑھیں گے۔

دوسری جانب جنوبی افریقہ کو اس بار بھی ورلڈ ٹاپ رینک بولر ماریزین کیپ سے زیادہ امیدیں وابستہ ہیں، کپتان وان نیکریک نے کہاکہ ہماری بولنگ مضبوط تاہم بیٹنگ لائن کو بھی ذمہ داری کا ثبوت دینا ہوگا،پاکستان ایک بے خوف ٹیم اور ان کا مقابلہ کرنے کیلیے ہمیں پوری قوت صرف کرنا ہوگی۔

 

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں